پرتاپ گڑھ: پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ اس وقت اسلام مخالف طاقتیں زیادہ سرگرم ہوگئی ہیں ،جو وقت وقت پر مذہب اسلام و ان کی مقدس کتاب قرآن کی بے حرمتی کر مسلمانوں کو مشتعل کرنے میں کوشاں ہے ،مسلمان سب کچھ برداست کر سکتا ،مگر اہانت قرآن کو کبھی برداست نہیں کر سکتا ہے ۔انہوں نے سویڈن حکومت کے تعاون سے قرآن حکیم کے نسخے جلانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس مزموم حرکت سے اسلام ختم نہیں ہوگا ،بلکہ مزید تیزی کے ساتھ بڑھے گا ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر نظر رکھنے والے اس بات سے واقف ہیں کہ قرآن کریم جو اللہ کا کلام ہے ،جس کا تمام مسلمانوں کے دل میں بڑا تقدس و احترام ہے ۔اسلام مخالف طاقتیں حتی کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ کلمات کہنے سے گریز نہیں کرتے ۔تاریخ شاہد ہے کہ جب جب بھی اس طرح کی نازیبا حرکت کی گئی ،دنیا والوں نے اسلام کا مطالعہ کیا ،اور بڑی تعداد میں اسلام میں داخل ہوئے ۔اس لئے مسلمانوں کو حکمت سے کام لینا چاہیئے ،اور اس طرح کے موقع پر اسلام کی تشہیر زور شور سے کرنا چاہیئے ۔اس وقت دنیا ایسے نظام زندگی کی پیاسی ہے ،جس سے اس کو سکون و اطمنان حاصل ہو ،بے چینی و بے قراری کا خاتمہ ہو ،جو صرف مذہب اسلام میں ہی ممکن ہے ،وہ لوگوں کو خالق و مخلوق دونوں سے جوڑتا ہے ۔اسلام سراپا رحمت ہے ،اور جہاں اسلام نہیں وہاں ہر طرح کی بے سکونی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سویڈن میں جو مزموم حرکت کی گئی ہے ،یہ صرف اہانت اسلام کی مقدس کتاب کی ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کو مجروح کیا گیا۔
بے حرمتی کرنے والا شیطان سبھی مذاہب اور پوری انسانیت کا دشمن ہے ۔اسلام کسی مذاہب و اس کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیتا ،بلکہ اسلام کے ماننے والے سبھی مذاہب کا احترام کرتے ہیں ۔ڈاکٹر ایوب نے کہا کہ ہندوستان میں کثیر تعداد میں مسلمان رہتے ہیں ،اس واقعہ سے ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ،حکومت ہند کو چاہیئے کہ وہ حکومت سویڈن سے اپنا اعتراض درج کرائے ۔
