عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں عیدالاضحی کا کثیر اجتماع ، مولانا قاری متین علی شاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد 30 جون (راست) تاریخ اسلام میں بے شمار عظیم واقعات موجود ہیں، ان میں منفرد واقعہ قربانی کا جو جلیل القدر پیغمبر حضرت سید نا ابراہیم علیہ اسلام اور حضرت سید نا اسماعیل علیہ السلام سے وابستہ ہے۔حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی تسلیم و رضا، صبر و استقامت کا بے نظیر مظاہرہ تا قیامت پیش کرتے رہے گی جس میں مغفرت، بندگی رب، تقوی و پرہیز گاری کے ساتھ قربانی کی حقیقی روح موجزن ہے۔ان خیالات کا اظہار مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری خطیب عیدگاہ گنبدان قطب شاہی گولکنڈہ نے نماز عید الضحی سے قبل عیدگاہ گنبدان قطب شاہی گولکنڈہ میں کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ اللہ تعالی نے اس زمین پر انسان کو پیدا کیا اور اس کی جان کو محترم قرار دیا اور اس کے تقدس کو بڑی اہمیت دی اور کہا کہ ایک انسان کو قتل کرنا دراصل ساری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے جب کہ ایک انسان کی جان بچانا دراصل ساری انسانیت کو بچانا ہے۔انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ان دنوں معمولی معمولی سی بات پر قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے وہیں شہر میں دن دھاڑے قتل اور جوابی قتل کا سلسلہ جاری ہے۔۔انھوں نے کہا کہ قتل و غارت گری کے ان واقعات پر صرف اظہار افسوس کرتے ہوے خاموش رہنا کوئی مناسب روش نہیں ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ مسلمانوں کے مذہبی تنظیموں، اداروں، انجمنوں، جماعتوں کے علاوہ علماء مشایخین خطیب صاحبین کو اس مسئلہ پر غور کرتے ہوے ایک ضروری لائحہ عمل بنا کر قاتلوں کا سماجی بائکاٹ کریں۔ انھوں کہا کہ اسلام پاکی و صفائی کو پسند کرتا ہے اور اس کے نزدیک پاکی نصف ایمان ہے اور اسلام کی بنیاد پاکی و طہارت پر رکھی گئی اس لئے ضروری ہے کہ مسلمان قربانی کے مقام پر صفائی و ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں۔ انھوں نے عید الضحی کے فضایل و اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی عامتہ المسلمین طلباء و نوجوان پر زور دیا کہ حضرت سید نا ابراہیم علیہ اسلام اور حضرت سید نا اسماعیل علیہ السلام کی سیرت پاک کا مطالعہ کریں جس سے جلا پیدا ہوتی ہے۔ابتداء میں جناب غلام محی الدین پاشاہ بھائی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ آپسی اتحاد و اتفاق کو قایم رکھیں۔