بقرعید پر جانوروں کی قربانی کیلئے سہولت فراہم کرنے کی اپیل
لکھنو/ سنبھل: دارالعلوم دیوبند نے چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کو قربان کرنے اور عیدگاہوں میں عوام کو نماز ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔ چیف منسٹر کو گزشتہ روز موسومہ مکتوب میں کارگزار مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی نے کہا کہ بقرعید قریب آرہی ہے اور اسلام میں قربانی کا کوئی متبادل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب عید کی تیاریوں میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے اور غیر یقینی کی کیفیت پائی جاتی ہے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ عید ہفتہ یکم اگست کو واقع ہورہی ہے جبکہ ریاستی حکومت نے ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن لاگو کر رکھا ہے، اس لئے عید کی حد تک لاک ڈاؤن کو منگل اور چہارشنبہ کو منتقل کرنے پر غور مناسب ہوگا۔ سنبھل میں سماج وادی پارٹی ایم پی شفیق الرحمن برق نے بھی مطالبہ کیا کہ عید الاضحی کیلئے عیدگاہوں اور مساجد کو کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید کیلئے بازاروں کو بھی کھلا رکھنا چاہئے تاکہ مسلمانوں کو جانوروں کی خریداری میں سہولت ہو۔
