حبیب نگر اور دیگر پولیس اسٹیشنوں میں شکایتیں ، خدمت فاونڈیشن کے نام دھوکہ دہی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : قربانی کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے افراد کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حبیب نگر کے علاوہ شہر کے دیگر پولیس اسٹیشنوں میں بھی شکایت درج کی گئی ہے ۔ دھوکہ دہی کا شکار افراد کا کہنا ہے کہ قربانی کے حصص کے نام پر ان سے رقم لی گئی اور دھوکہ دیا گیا ۔ قربانی کے حصہ کو گھر تک پہونچانے کا وعدہ کیا گیا لیکن اچانک ہی فاونڈیشن کے افراد لاپتہ ہوگئے ۔ عید کے دن قربانی نہ ہونے اور حصص کے نام پر دھوکہ دینے کے خلاف سینکڑوں افراد پریشان ہوگئے اور حبیب نگر پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ شکایت گزاروں کا الزام ہے کہ خدمت فاونڈیشن کے نام پر حصص کی رقم لی گئی اور انہیں اس بات کا یقین دلایا گیا کہ عید کے دن قربانی کی جائے گی اور حصہ گھر تک پہونچایا جائے گا ۔ فی حصہ کی رقم 2700 تا 2500 روپئے مقرر کرتے ہوئے رقم حاصل کی گئی ۔ گوشت مکان تک پہونچانے کے علاوہ حصہ داروں کی خواہش پر غربا میں تقسیم کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ۔ اس پیشکش کو دیکھتے ہوئے شہر کے تقریبا سینکڑوں افراد نے ان سے رابطہ کیا اور اپنے حصہ کی رقم کو خدمت فاونڈیشن کے نام ادا کردیا اور فاونڈیشن کے افراد رقم لینے کے بعد اچانک لاپتہ ہوگئے ۔ ادارے کے افراد اور ذمہ داروں سے رابطہ قائم کرنے کے بعد مایوسی کا شکار برہم عوام نے پولیس اسٹیشن کا رخ کیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس خدمت فاونڈیشن پر 2 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے ۔ پولیس اس معاملہ میں مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع