قرض معافی گزشتہ 40 برسوں میں کانگریس حکومت کا کارنامہ

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد ، سابق وزیر اندرا کرن ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 18۔ جولائی (سیاست نیوز) سابق وزیر این اندرا کرن ریڈی اور نائب صدر پردیش کانگریس شراون کمار ریڈی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 40 برسوں میں کسانوں کے حق میں کسی بھی حکومت نے قرض معافی کی اس قدر بڑی اسکیم شروع نہیں کی تھی ۔ تلنگانہ کی ریونت ریڈی حکومت نے پہلے مرحلہ میں 11 لاکھ 50 ہزار کسانوں کے 7 ہزار کروڑ کے قرضہ جات ایک ہی دن میں معاف کردئے ہیں۔ بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے اندرا کرن ریڈی نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے کسانوں کے حق میں انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے دو لاکھ روپئے تک قرض معافی کی اسکیم پر 15 اگست تک عمل آوری مکمل کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے معاملہ میں کانگریس حکومت نے ملک بھر میں مثال قائم کی ہے۔ راہول گاندھی نے کسان ڈکلیریشن میں جو وعدے کئے تھے، ان پر عمل آوری حکومت کے لئے کسی کارنامہ سے کم نہیں۔ ریاست کے کمزور مالی موقف کے باوجود ریونت ریڈی نے کسانوں کے حق میں فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 39 لاکھ کسانوں کے 31 ہزار کروڑ کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ۔ حکومت نے مستقل کسانوں کے انتخاب کے لئے راشن کارڈ کے لزوم کو ختم کردیا ہے۔ اندرا کرن ریڈی نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن پارٹیوں کے بہکاوے میں نہ آئیں اور اسکیم سے استفادہ کیلئے عہدیداروں سے رجوع کریں۔ گزشتہ 70 برسوں میں کسی بھی حکومت نے اس قدر قرضہ جات معاف نہیں کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ایک لاکھ روپئے قرض معافی کا اعلان کیا تھا لیکن 10 برسوں میں اسکیم پر عمل نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں کسانوں نے کے سی آر حکومت کو شکست سے دوچار کردیا۔ 1