بھیلواڑہ: راجستھان کے بھیلواڑہ میں او بی سی اور کسان مورچہ نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کا پتلا جلایا اور بی جے پی کی ’’نہیں سہے گا راجستھان‘‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر بھیلواڑہ میں آج کسانوں کا قرض معاف نہ کرنے اور زمین کی قرقی کے احکامات واپس نہ لینے پر احتجاج کیا۔ بی جے پی کے ضلع صدر پرشانت میواڈا کی قیادت میں کرشی اپج منڈی میں بی جے پی، او بی سی اور کسان مورچہ کے بینر تلے مظاہرہ کیا گیا۔ کانگریس مخالف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر کسان مورچہ کے ضلع صدر تیجیندر گرجر نے کہا کہ ساڑھے چار سال پہلے کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں کسانوں کے قرض معافی کا دعویٰ کیا تھا۔ گرجر نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جلسہ عام میں اعلان کیا تھا کہ وہ دس دنوں میں کسانوں کے قرض معاف کر دیں گے ، لیکن اب تک قرض معاف نہیں کیا گیا ہے ، بلکہ کسانوں کو ان کی زمینیں قرق کرنے کا فرمان جاری کیا گیا ہے اور بھیلواڑہ میں ایسے 3500 کسان ہیں۔ آج ان اٹیچمنٹ آرڈرز کے ساتھ ہی احتجاج کے طور پر راہول گاندھی کا پتلا بھی جلایا گیا ہے ۔