رائیسین ۔ مدھیہ پردیش کے رائیسین ضلع میں مقامی بلدیہ کے صفائی عملہ نے کچھ بینکوں کے باہر کچرا جمع کردیا ہے کیونکہ کہا گیا ہے کہ ان بینکوں نے ٹھیکہ بنڈی والوں کو قرض کی اجرائی میں تاخیر کردی ہے ۔عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ کچرا پیر کو چار بینکوں کے باب الداخلہ کے باہر جمع کردیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ بیگم گنج کے چیف میونسپل آفیسر نے ایسا کرنے کی صفائی عملہ کو ہدایت دی تھی ۔ ابتداء میں چیف میونسپل آفیسر دھیرج شرما نے اعتراف کیا تھا کہ بینکوں کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو قرض کی اجرائی میں تاخیر پر ایسا کیا گیا ہے تاہم انہوں نے آج اس واقعہ میں اپنے کسی رول سے انکار کردیا ہے ۔ پیر کو اس سلسلہ میں مسٹر شرما سے جب سوال کیا گیا تھا تو انہوں نے میڈیا سے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے کچھ بینکوں کو تجویز روانہ کی گئی تھی کہ ٹھیلہ بنڈی والوں کو قرض جاری کیا جائے ۔ یہ قرض پردھان منتری سواندھی یوجنا کے تحت حاصل کیا جانا تھا ۔ تاہم بینکوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی ہے ۔ مسٹر شرما نے کہا کہ پیر کو وہ ضلع کلکٹر کے ساتھ ایک اجلاس میں تھے اور انہوں نے کچرا جمع کردینے کی ہدایت نہیں دی ہے ۔ یہ کچرا فوری صاف کردیا گیا ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ بینکوں نے خود یہ کچرا جمع کیا ہو۔ انہوں نے آج بھی کہا کہ بینکوں کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی والوں کو قرض کی اجرائی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔