قرض کی ریکوری پولیس کا کام نہیں، تلنگانہ ہائی کورٹ کی وضاحت

   

حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ قرض کی عدم ادائیگی سے متعلق معاملہ سیول نوعیت کا ہے اور پولیس اس معاملہ کی یکسوئی نہیں کرسکتی۔ جسٹس ونود کمار نے ستیش کمار نامی شخص کی درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ اگر پولیس ریکوری ایجنٹس کے طور پر کام کرنا شروع کردے تو منی لینڈرس کمیشن کی بنیاد پر پولیس سے رجوع ہوں گے تاکہ قرض کی رقم واپس حاصل کی جاسکے۔ ستیش کمار نے شکایت کی کہ ثبوت کی فراہمی کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل لکشمی کانت ریڈی نے کہا کہ چونکہ یہ سیول معاملہ ہے ، لہذا پولیس کے لئے مداخلت کرنا مناسب نہیں ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کے موقف سے اتفاق کیا۔ ستیش کمار کے وکیل نے مقدمہ سے دستبرداری کی درخواست کی اور جسٹس ونود کمار نے اجازت دے دی۔1