حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) پریشان حال ساتھیوں کو قرض دینا ایک شخص کی موت کا سبب بن گیا۔ یہ واقعہ ملکاجگری پولیس حدود میں پیش آیا۔ جہاں 40 سالہ ستیش نے خودکشی کرلی۔ ستیش اولڈ مرجال گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا حالیہ دنوں اپنی جائیدادکو فروخت کیا اور اس سے حاصل شدہ رقم کو اس نے اپنے تینوں ساتھیوں کو بطور قرض دیا تھا جنہوں نے اس سے پریشانی کا اظہار کیا تھا۔ جب یہ شخص اپنے ساتھیوں سے قرض واپس طلب کرنے کی کوشش کررہا تھا تب اس کے ساتھی رقم دینے کے بجائے اس کو دھمکارہے تھے اور پریشان کررہے تھے جس سے تنگ آکر اس نے 15 ستمبرکو نامعلوم گولیوں کا استعمال کرلیا اور گزشتہ روز فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔