ٹرینوں میں سفر کے دیگر دو واقعات میں پکڑے گئے 12 مشتبہ افراد کے معائنہ مثبت پائے گئے، کیمیائی صفائی کے بعد بوگی مقفل
نئی دہلی۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی جانے والی راجدھانی ایکسپریس سے ایک جوڑے کو اُتار دیا گیا جب ساتھی مسافرین نے شوہر کے ہاتھ پر موجود ’’گھر پر قرنطینہ‘‘ میں رہنے کیلئے لگائی گئی مہر کو دیکھ لیا۔ ریلوے کے عہدیداروں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر ساتھی شہریوں کی حفاظت کی خاطر غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ بیان کیا گیا ہے کہ دہلی سے تعلق رکھنے والا یہ جوڑا، بنگلور سٹی روانہ ہونے والی راجدھانی ایکسپریس میں ہفتہ کی صبح سکندرآباد اسٹیشن سے سوار ہوا تھا۔ تاہم صبح 9:45 بجے یہ ٹرین تلنگانہ کے قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشن پہونچا جہاں ایک ساتھی مسافر نے شوہر کے ہاتھ پر وہ مہر دیکھ لیا جو کورونا وائرس کے مشتبہ متاثرہ شخص کو لگائی جاتی ہے اور بیوی کے ہاتھ پر بھی گھر پر قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت سے متعلق مہر لگی ہوئی تھی۔ ریلوے حکام نے کہا کہ مسافرین نے ٹی ٹی ای کو اس واقعہ کی اطلاع دی چنانچہ جوڑے کو مختصر وقت کے لئے محروس رکھا گیا۔ انہیں اُتارنے کے بع سارے کوچ کی مکمل کیمیائی صفائی کی گئی۔ قاضی پیٹ میں اس کوچ کو مقفل کردیا گیا۔ اس کا ایرکنڈیشننگ سسٹم بھی بند کردیا گیا۔ بعدازاں 11:30 بجے دن یہ ٹرین وہاں سے روانہ ہوئی۔ ریلوے نے ایسے ہی دیگر دو واقعات کی اطلاع دی جن میں گھروں پر قرنطینہ میں رہنے کیلئے پابند کئے گئے افراد ٹرینوں میں سفر کرتے ہوئے پائے گئے تھے۔ دو واقعات میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں 12 افراد کے معائنے مثبت پائے گئے ہیں۔ ریلوے عہدیداروں نے عوام پر زور دیا کہ وہ عوامی مقامات پر ہجوم سے دوری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ چار مسافرین 16 مارچ کو گوڈان ایکسپریس B1 کوچ میں ممبئی تا جبل پور سفر کرتے ہوئے پائے گئے تھے اور ان کے کورونا وائرس معائنے جمعہ کو مثبت پائے گئے۔ یہ افراد گزشتہ ہفتہ دبئی سے واپس ہوئے تھے۔ ایک دوسرے واقعہ میں 17 مارچ کو اے پی سمپرک کرانتی ایکسپریس کے ذریعہ دہلی تا راما گنڈم سفر کرنے والے 8 مسافرین جمعہ کو مثبت پائے گئے۔ وزارت صحت نے ہفتہ کی صبح کہا کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 258 تک پہونچ گئی ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے توثیق کی ہے کہ چند مشتبہ کیس اور کورونا وائرس سے متاثرہ معلوم مریضوں کے رابطہ میں آنے والے 271 افراد کے معائنے مشتبہ ہونے کی توثیق کی گئی ہے۔