حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بنڈلہ گوڑہ جاگیر میونسپل کارپوریشن نے آخر کار قسمت پور سڑک کو میٹل روڈ بنانے کے لیے 3 کروڑ روپئے کی منظوری دے دی ۔ یہ سڑک بہت خراب ہوگئی ہے جس کی وجہ بالخصوص بارش میں لوگوں کو کافی مشکل اور دشواری پیش آرہی ہے ۔ مئیر مہیندر گوڑ کی صدارت میں جمعرات کو منعقدہ کونسل اجلاس میں 17.87 کروڑ روپئے لاگتی 39 کاموں کے ایجنڈہ کو منظوری کے لیے پیش کیا جس میں قسمت پور سڑک کو میٹل روڈ بنانا شامل ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق تقریبا تمام تجاویز کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا ۔ 2 کلو میٹر طویل قسمت پور روڈ راجندر نگر کو بنڈلہ گوڑہ جاگیر سے مربوط کرتی ہے اور اسے بنڈلہ گوڑہ جاگیر کو قسمت پور ولیج کے علاوہ حمایت ساگر ، حیدر شاہ کوٹ ، سن سٹی ، نارسنگی اور منی کونڈا سے مربوط کرنے والی اہم اور اصل سڑک سمجھا جاتا ہے ۔ کونسل کے اجلاس میں قسمت پور میں میٹل روڈ کی تعمیر کی منظوری دی گئی جو کئی سال سے زیر التواء ہے ۔ وینوگوپال ریڈی ، کمشنر ، بنڈلہ گوڑہ جاگیر میونسپل کارپوریشن نے کہا کہ قسمت پور سڑک کو میٹل روڈ بنانے کے لیے 3 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں اور امید ہے کہ دو ، تین ہفتوں کے اندر کام شروع ہوجائے گا ۔۔