قصوروار سرکاری ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کا عمل جلد مکمل کرنے ہدایت

   

چیف سکریٹری نے نئے گائیڈ لائنس جاری کئے، محکمہ جات میں زیر التواء معاملات پر سکریٹریز متحرک ہوگئے
حیدرآباد۔ 24 اگست (سیاست نیوز) سرکاری ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی سے متعلق معاملات کی یکسوئی میں روایتی تاخیر کو ختم کرنے کے لئے تلنگانہ حکومت نے تمام سرکاری محکمہ جات کو نیا شیڈول جاری کیا ہے تاکہ زیر دوران معاملات کی جلد یکسوئی ہوسکے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے جی او 175 کے تحت کے ذریعہ سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ نئی گائیڈ لائنس کے مطابق تادیبی کارروائیوں سے متعلق کیسیس کی یکسوئی کی جائے۔ حال ہی میں ویجلنس کمیشن نے 57 انجینئرس کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی جن میں برسر خدمت اور ریٹائرڈ انجینئرس شامل ہیں۔ حکومت کے تازہ احکامات کے مطابق سرکاری ملازمین کی جانب سے کسی جرم کے ارتکاب کی صورت میں تحقیقات کو جلد مکمل کرتے ہوئے چارج شیٹ داخل کی جائے۔ حکومت نے ہدایت دی ہے کہ ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی معاملات کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کی جائے۔ متعلقہ فائل کو 3 دن سے زائد تک عہدیداروں کے پاس زیر التواء نہ رکھا جائے اور اندرون ایک ہفتہ ناگزیر صورت میں متعلقہ وزیر سے منظوری حاصل کی جائے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ عام طور پر تاخیر کی صورت میں چارج شیٹ پیش کئے جانے سے قبل عہدیدار و ملازمین وظیفہ پر سبکدوش ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ سزا سے بچ سکتے ہیں۔ بعض معاملات میں تادیبی کارروائی کے ذمہ دار عہدیدار تحقیقاتی اتھاریٹی کو متعلقہ ریکارڈ حوالہ کرنے میں تاخیر کررہے ہیں۔ سکریٹریز، پرنسپل سکریٹریز اور اسپیشل چیف سکریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر سے بچنے کے لئے تادیبی کارروائی معاملات کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کریں۔ حکومت نے تحقیقات کی تکمیل اور کارروائی کے لئے ایک سال کی مہلت مقرر کی ہے۔ اگر مزید تاخیر کا اندیشہ ہے تو فائل کو چیف سکریٹری یا متعلقہ وزیر سے رجوع کردیا جائے۔ سکریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے محکمہ جات میں زیر التواء معاملات کا فوری طور پر جائزہ لیں۔ حکومت کے نئے شیڈول کے مطابق ملازمین کے خلاف تحقیقات کی تکمیل اندرون دو ہفتہ مکمل کرلی جائے۔ دستاویزات کی جانچ کا کام بھی دو ہفتوں میں مکمل کرتے ہوئے فریقین کی سماعت کی جائے۔ معاملہ کی روزانہ کی اساس پر سماعت کرتے ہوئے دو ہفتے میں الزامات اور تحقیقات رپورٹ پیش کی جائے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کے سرکاری محکمہ جات میں گزشتہ 10 برسوں کے دوران تادیبی کارروائی سے متعلق معاملات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ریونت ریڈی حکومت نے الزامات کا سامنا کرنے والے ملازمین پر جرم ثابت ہونے کی صورت میں جلد سزا کو یقینی بنانے کے لئے نئے گائیڈ لائنس جاری کئے ہیں۔ 1