قضاۃ سیکشن میں بروکرس کے رول پر محمد سلیم کی برہمی

   

مقررہ فیس پر میریج سرٹیفکٹس جاری کرنے کی ہدایت، زائد اسٹاف کا تقرر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے قضاۃ سیکشن میں بروکرس اور درمیانی افراد کی سرگرمیوں پر سخت برہمی ظاہر کی ۔ انہوں نے آج اچانک قضاۃ سیکشن کا دورہ کیا جہاں عوام کی کثیر تعداد میریج سرٹیفکٹ کے حصول کیلئے موجود تھی ۔ انہوں نے درخواست گزاروں سے بات چیت کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ سرٹیفکٹ کے حصول کیلئے بروکرس سے رجوع نہ ہوں۔ انہوں نے سیکشن کے عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ اگر بروکرس اور درمیانی افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ محمد سلیم نے درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے مزید 4 کمپیوٹر آپریٹرس کو قضاۃ سیکشن میں مامور کیا تاکہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ این آر سی سے خوفزدہ ہوکر عوام بڑی تعداد میں میریج سرٹیفکٹس کیلئے رجوع ہورہے ہیں۔ انہیں مقررہ فیس پر سرٹیفکٹ کی اجرائی کی ہدایت دی اور کہا کہ وہ بروکرس کی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔ بروکرس کو وقف بورڈ کے عہدیداروں اور ملازمین کی سرپرستی کی اطلاعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ وہ عہدیداروں کی ایک ٹیم کے ذریعہ قضاۃ سیکشن کے امور کی نگرانی کریں گے اور جو بھی قصوروار پایا جائے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔