قطب اللہ پور میں کانگریس امیدوار کا پرچہ نامزدگی مسترد

   

صورتحال کشیدہ ، احتجاجی کارکنوں پر پولیس کا لاٹھی چارج
حیدرآباد۔گریٹر بلدی انتخابات میں پرچہ نامزدگی کی جانچ کے دوران کئی علاقوں میں کشیدگی کا ماحول دیکھا گیا۔ قطب اللہ پور جو حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے تحت ہے وہاں کانگریس امیدوار کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کرنے پر کافی ہنگامہ ہوا اور پولیس نے احتجاجی کانگریس کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس امیدوار کو دو سے زائد بچے ہونے پر ریٹرننگ آفیسر نے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا۔ کانگریس کے سابق رکن اسمبلی سری سیلم گوڑ نے شکایت کی ہے کہ ان کے بھائی کے سرینواس گوڑ جو کانگریس امیدوار ہیں پولیس لاٹھی چارج میں زخمی ہوئے ہیں۔ گاجولا رامارم وارڈ سے سرینواس گوڑ نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلہ پر کانگریس کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا۔ کانگریس نے اس معاملہ کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت کو اس فیصلہ کیلئے ذمہ دار قرار دیا۔ اسی دوران پرچہ نامزدگی کی جانچ میں 68 پرچہ جات کو مسترد کردیا گیا۔ 150 وارڈز کیلئے 2575 امیدواروں نے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے تھے جن میں سے 90 پرچہ جات کو مختلف وجوہات کے سبب مسترد کردیا گیا ہے۔