اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح ، حیدرآباد کی ترقی و توسیع کے لحاظ سے اقدامات : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے اسمبلی حلقہ قطب اللہ پور میں 138 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور 11.37 کروڑ روپئے کے مصارف سے قائم کردہ اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کیا ۔ باچوپلی ، او آر آر سڑک کی توسیع ، فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی رکن اسمبلی ویویکانند کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد تیزی سے ترقی کرنے کے ساتھ اس کی تیزی سے توسیع ہورہی ہے ۔ مستقبل میں حیدرآباد کا مزید پھیلاؤ ہوگا جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت شہر کے ساتھ مضافاتی علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ مضافات کے دیہی علاقے بلدیات میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ ان علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرات ، پینے کے پانی کی سربراہی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ قطب اللہ پور منڈل کے گاجولا رامم میں کے ٹی آر نے ریزور فاریسٹ بلاک کے 454 ایکڑ اراضی پر 11.37 کروڑ روپئے کے مصارف سے قائم کردہ اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی ، رکن اسمبلی ویویکانند مئیر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ ۔ن