قطب شاہی مسجد درگم چیرو کے راستہ کی مسدودی بحال

   

Ferty9 Clinic

حیڈرا کمشنر سے صدر نشین وقف بورڈ عظمت اللہ کی نمائندگی کامیاب
حیدرآباد۔یکم ۔جنوری (سیاست نیوز) قطب شاہی مسجد درگم چیروو کے راستہ کو ’حیڈرا‘ کے ذریعہ مسدود کردیئے جانے کے معاملہ کی شکایات موصول ہوتے ہی صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب سیدعظمت اللہ حسینی نے مسجد کا دورہ کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرواتے ہوئے راستہ کی کشادگی کو یقینی بنایا۔ دو یوم قبل ’حیڈرا‘ کی جانب سے کی گئی کاروائی اور درگم چیروو کے حدود کے تعین کے بعد مکمل سطح آب کے بورڈ آویزاں کرتے ہوئے انتہائی قیمتی اراضی کے تحفظ کے اقدامات کئے گئے تھے جس میں قطب شاہی مسجد کو جانے کا راستہ بھی مسدود ہوگیا تھا۔ قطب شاہی مسجد رائے درگ (درگم چیروو) کو جانے والے مختلف راستوں کو بند کئے جانے کے بعد اب ایک راستہ رہ گیا تھا جہاں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ملازمین کے علاوہ اطراف واکناف کے مسلمان نماز پنجگانہ کی ادائیگی کے لئے پہنچتے تھے لیکن ’حیڈرا‘ کی کاروائی کے بعد یہ راستہ بھی مسدود ہوگیاتھا ۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے شکایت موصول ہوتے ہی کمشنر ’حیڈرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ سے بات چیت کرتے ہوئے راستہ کی مسدودی کے مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے متوجہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ’حیڈرا‘ نے درگم چیروو کی مکمل سطح آب کی معائنہ کرنے کے بعد اس اراضی کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اس جگہ کی حد بندی کرتے ہوئے بورڈ آویزاں کردیا تھا کہ اگر اس حد بندی میں کوئی داخل ہوتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ اس قطب شاہی مسجد کے متعدد مسائل ہیں جن میں امام و مؤذن کو جاری کئے جانے والے اعزازیہ کا مسئلہ اور مسجد کی کمیٹی کی تشکیل بھی شامل ہیں۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی کے دورہ ٔ قطب شاہی مسجد رائے درگم کے دوران ان کے ہمراہ جناب عثمان محمد خان کے علاوہ جناب طاہر سعدی اور دیگر ذمہ داران مسجد موجود تھے۔ ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے مسجد کو جانے والے راستہ کو جو مسدود کیاگیا تھا اسے فوری طور پر بحال کرنے کے اقدامات کئے اورصدرنشین وقف بورڈ نے تیقن دیا کہ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے مسدود کئے گئے راستہ کی کشادگی کے سلسلہ میں اقدامات کو تیز کرنے کے لئے حکومت کو متوجہ کروایا جائے گا تاکہ مسجد کو پہنچنے کے جو راستہ پرانے ریکارڈس میں موجود ہیں انہیں بحال کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔3