چیف منسٹر ریونت ریڈی کو شرکت کی دعوت‘ 21، 22، 23 رجب کو سہ روزہ عرس کی تیاریاں جاری
محبوب نگر۔ 21؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع محبوب نگر کی تاریخی عظمت اور روحانی شناخت، دکن کے ممتاز صوفی بزرگ قطبِ محبوب نگر حضرت سید مروان علی شاہ قادری رحمتہ اللہ علیہ کے 100 سالہ گولڈن جوبلی عرس کی شایانِ شان تقاریب کے سلسلہ میں ریاستی سطح کے ایک وفد نے ریاستِ تلنگانہ کے معزز چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کر کے انہیں عرسِ مبارک میں شرکت کی باضابطہ دعوت پیش کی۔ یہ ملاقات امیرِ اہلِ سنت حضرت سید عبدالرزاق شاہ قادری (سجادہ نشین بارگاہ حضرت سید مروان علی شاہ قادریؒ) کی ہدایت پر اور جناب محمد عبید اللہ کوتوال (ریاستی چیئرمین، مائنارٹی فنانس کارپوریشن، تلنگانہ) کی قیادت میں عمل میں آئی۔ وفد نے اس بات کی خصوصی طور پر نشاندہی کی کہ چونکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا تعلق بھی ضلع محبوب نگر سے ہے، اس لیے ان کی شرکت نہ صرف اس تاریخی عرس کی عظمت میں اضافہ کرے گی بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کو بھی مزید تقویت بخشے گی۔ حکومتِ تلنگانہ کی کئی اہم اور معزز شخصیات کی موجودگی جن میں جناب محمد علی شبیر (ایڈوائزر، گورنمنٹ آف تلنگانہ)، محمد اظہر الدین (وزیر اقلیتی بہبود، تلنگانہ)، جناب محمد عبید اللہ کوتوال (ریاستی چیئرمین، مائنارٹی فنانس کارپوریشن)، جناب سید عظمت اللہ حسینی (ریاستی چیئرمین، وقف بورڈ)، جناب محمد فہیم قریشی (چیئرمین، ٹی ایم آر آئیز)، جناب سید خسرو پاشاہ قادری (چیئرمین، ریاستی حج کمیٹی) اور جناب محمد طاہر بن ہمدان (چیئرمین، اردو اکیڈمی) کی موجودگی میں جناب سید افروز شاہ قادری نامزد سجادہ نشین بارگاہ سید مروان علی شاہ قادری اپنے دستِ مبارک سے سو سالہ گولڈن جوبلی عرس کی تقاریب کا دعوت نامہ چیف منسٹر کو پیش کیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے 100 سالہ گولڈن جوبلی عرس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے تقاریب میں شرکت کے اپنے ارادے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفد میں شامل معزز شخصیات میں مولانا قاضی سعادت علی چشتی، میر شعیب علی، جناب محمد ذاکر، سید واصف شاہ قادری، قاضی محمد بصیر چشتی مرزائی، میر عمیر علی، میر امان علی اور محمد نوشاد قادری بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ حضرت سید مروان علی شاہ قادری رحمتہ اللہ علیہ کا سو سالہ گولڈن جوبلی عرس21، 22 اور 23 رجب المرجب کو بارگاہ حضرت سید مروان علی شاہ قادریؒ، محبوب نگر میں نہایت عقیدت، احترام اور شایانِ شان انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
