قطر، پاکستان، سعودیہ اور ملائیشیا کی ایران کیخلاف اسرائیلی حملوں کی مذمت

   

دوحہ؍ اسلام آباد؍ ریاض؍ کوالالمپور : قطر کی وزارتِ خارجہ نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔ میڈیا کے مطابق قطر کی وزارتِ خارجہ نے ہفتے کو جاری ایک بیان میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے زور دیا خطہ میں عدم استحکام سے بچنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ اور بات چیت کی جائے۔ پاکستان نے بھی ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کردی۔ ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ حملے علاقائی امن اور استحکام کے راستے کے لیے نقصان دہ ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ ملکی خود مختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ تمام فریقین تحمل اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کام کریں، عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمہ کے لیے ذمے داریاں پوری کرے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایرانی حملوں کے جواب میں کارروائی مکمل کر لی ہے۔ دوسری طرف ملائیشیا نے اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کر دی۔ ملائشین وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا 26 اکتوبر 2024ء کی علی الصبح اپران کے علاقہ تہران، کرج، کاشان، مشہد اور شیراز میں اسرائیلی فوجی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ملائیشیاء کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ملائشین وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اسرائیلی حملوں نے خطہ کو وسیع جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، اس سے ہونے والے نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔

اردن کا اپنی فضائی حدود استعمال نہ ہونے کا دعویٰ
عمان : ایران کی فوجی تنصبیات پر اسرائیل کے حملے کے بعد اردن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائی حدود استعمال نہیں ہوئی۔ میڈیا کے مطابق اردن کے سرکاری میڈیا نے مسلح فورس کے ایک ذریعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطہ کے تنازعہ میں شامل کسی بھی فریق کو اردن کی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔