دوحہ ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کرونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے عالمی اقتصادی بحران نے قطری ایرویز کو بھی بری طرح متاثرکیا ہے۔ قطری فضائی کمپنی کے سی ای او نے کہا ہے کہ کمپنی کو توقع آئندہ دو ماہ کے دوران 60 فی صد پروازیں بحال ہوجائیں گی تاہم مکمل بحالی میں چار سال بھی لگ سکتے ہیں۔اکبر البکر نے کہا ہے کہ اگر2023-24 سے پہلے کمپنی کی فضائی سروس مکمل بحال ہوئی تو مجھے بہت حیرت ہوگی۔سرکاری فضائی کمپنی نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔ کمپنی کو کچھ عرصہ پیشتر کرونا کی وبا کی وجہ سے فضائی سروس معطل کرنا پڑی تھی۔قطر ایر ویز نے گذشتہ اپریل کے آخر میں اعلان کیا تھا کہ درمیانے درجے کے ملازمین اور اس سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہیں تین ماہ کے لیے نصف کردی گئی ہیں۔