دوحہ : روبرٹو باٹسٹا نے ایندرے روبلیف کی قطر اوپن کے خطاب کی دفاعی مساعی کو سیمی فائنل میں ختم کردیا جہاں روسی کھلاڑی کو 6-3، 6-3 سے راست سٹوں میں شکست ہوگئی۔ روبلیف گزشتہ اتوار کو روٹرڈم میں اے بی این اَمرو ورلڈ ٹینس ٹورنمنٹ جیتنے کے بعد متواتر خطابات حاصل کرنے بھی کوشاں تھے۔ روبلیف نے آٹھ مرتبہ ایس لگائے، پھر بھی باٹسٹا نے چار مرتبہ اُن کی سرویس توڑی۔ 13 ویں رینک کے حامل اسپینی کھلاڑی کو فائنل میں نیکولوز باسیلاشویلی کا سامنا ہے۔ باسیلا نے ٹیلر فریٹز کو 7-6(3)، 6-1 سے شکست دے کر خطابی مقابلہ میں جگہ بنائی ہے۔