قطر میں ہماری فوج کی موجودگی خطے میں امن و استحکام کا سبب

   

ہمارے اٹل موقف نے دھمکیاں دینے والوں کو بالآخر مذاکرات پر مجبور کیا،اردغان کا انٹرویو

انقرہ : صدر ترکی رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ قطر میں ترک فوجی کی تعیناتی خطے میں امن و استحکام کا سبب ہے۔ ترک صدر نے اس بات کا اظہار قطر سے شائع ہونے والے انگریزی روزنامے ’’دی پینسولا‘‘ سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ترکی اور قطر کے درمیان دیرینہ تاریخی،ثقافتی اور مفید برادرانہ تعلقات استوار ہیں جن کے درمیان اقتصادی،صنعتی،دفاعی،سرمایہ کاری اور توانائی سے متعلق شعبے فروغ پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قطر میں متعین ترک فوج کے سبب خطے میں امن و استحکام پیدا ہوا ہے،بعض ممالک کے بجائے دیگر ممالک کو ہماری فوج کی قطر میں تعیناتی سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔شام کا جہاں تک سوال ہے تو ہم اس کے پائیدار حل کے خواہاں ہیں اور یہ کہنا سرا سر غلط اور لغو ہے کہ ہم شامی سرزمین پر قابض ہونا چاہتے ہیں،ہمارا مقصد صرف اور صرف وہاں امن کی بحالی ہے ۔جیسے ہی یہ قائم ہوا ہماری فوج وہاں سے نکل جائے گی،ترکی تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف آپریشن جاری رکھے گا۔صدر نے لیبیا سے متعلق کہا کہ وہاں جائز حکومت کی حمایت اور باغیوں کی سر کوبی کی جا ئے گی ،وہاں ترکی کی کوششوں سے امن کی راہ ہموار ہوئی جسے نقصنا پہنچانا غلط ہوگا۔بحیرہ ایجیئن اور روم کے بارے میں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس سلسلے میں پس قدمی ہمیں منظور نہیں،ترکی اور شمالی قبرص کے وجود کو تسلیم کیے بغیر ہمیں محدود سمندری حدود میں مقید کرنا مسئلے کا حل نہیں جس کا ہم نے ہر موقع پر برملا اظہار یا اور کرنا جاری رکھیں گے۔ترکی اپنے مفادات اور حقوق کا تحفظ لازماً کرتا رہے گا ، مشرقی بحیرہ روم میں ہمارے اٹل موقف اور ثابت قدمی نے کھوکھلی دھمکیاں دینے والوں کو بالاخر مذاکرات پر مجبور کر ہی دیا ہے۔