دوحہ ۔ قطر میں رواں سال نومبر میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ مشرق وسطیٰ میں ہونے والا پہلا فٹبال ورلڈ کپ ہے۔ 2002 میں کوریا اور جاپان میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے بعد قطر اس انٹرنیشنل ٹورنمنٹ کی میزبانی کرنے والا دوسرا ایشیائی ملک بھی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 21 نومبر تا 18 دسمبر 2022 قطر میں کھیلا جانے والا یہ ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے مہنگا فیفا ورلڈکپ ہوگا۔ یہ پہلا فیفا ورلڈکپ ہوگا جو کہ موسمِ سرما میں کھیلا جائے گا، یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ قطر کے انتہائی گرم موسم کو یورپی کھلاڑیوں کے لیے برداشت کرنا مشکل ہوگا۔کچھ رپورٹس کے مطابق اگرچہ یہ ورلڈ کپ موسمِ سرما میں ہونے والا ہے، لیکن قطر کا شمار موسم کے اعتبار سے دنیا کے گرم ممالک میں ہوتا ہے اور اس لیے وہاں دن کے وقت کا درجہ حرارت سردیوں میں بھی اکثر زیادہ ہی ہوتا ہے۔ اس لیے قطر نے ملک میں فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے انفراسٹرکچر پر 200 بلین ڈالر خرچ کیے ہیں، اور ہر اسٹیڈیم کو ایئر کنڈیشنڈ بنایا ہے۔