قطر پر اسرائیلی حملہ: امارات میں اسرائیلی سفیر کی طلبی

   

ابوظہبی۔ 12 ستمبر (ایجنسیز) اسرائیلی نشریاتی ادارے کے اے این کی رپورٹ کے مطابق قطر میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیلی حملہ کے معاملہ پر متحدہ عرب امارات نے جمعہ کو اسرائیلی سفیر کو طلب کرلیا۔ قطری دارالحکومت دوحہ پر منگل کے حملے سے قبل مغربی کنارے کے اسرائیلی الحاق کے بارے میں ابوظہبی اور اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار تھے جسے متحدہ عرب امارات نے ایک ’سرخ لکیر‘ قرار دیا تھا۔حماس کے سیاسی رہنماؤں کو قتل کرنے کی اسرائیلی کوشش کی بین الاقوامی سطح پر مذمت ہوئی ہے لیکن چہارشنبہ کو غیر نادم اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے قطر کو خبردار کیا کہ یا تو وہ حماس کے عہدیداروں کو بیدخل کرے یا انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے کیونکہ اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو ہم کریں گے۔


قطری شہریوں کو نہیں ،حماس کو نشانہ بنایا : اسرائیل
نیویارک ۔ 12 ستمبر (ایجنسیز)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیلی مندوب ڈینی ڈینون نے دعویٰ کیا ہے کہ دوحہ میں کیے گئے اسرائیلی حملے کا ہدف حماس کے رہنما تھے، نہ کہ قطر کے عام شہری۔ڈینون نے جمعرات کو اپنے بیان میں قطر پر الزام لگایا کہ وہ دہشت گردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کی دہشت گرد قیادت جہاں بھی موجود ہو گی، اسرائیل اس کے خلاف کارروائی کرے گا۔ڈینون کے مطابق دہشت گردوں کیلئے کوئی استثنا نہیں اور دوحہ میں موجود حماس رہنما دہشت گردی کے منصوبہ ساز تھے۔