دوحہ۔13؍ستمبر ( ایجنسیز )قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دوحہ میں ہونے والے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں خلیجی ریاست کے خلاف اسرائیلی حملے کے حوالے سے ایک قرارداد کے مسودے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے قطر نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اس سربراہی اجلاس میں قطر پر اسرائیلی حملے کے حوالے سے ایک قرارداد پر تبادلۂ خیال ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ یہ قرارداد سربراہی اجلاس سے قبل اتوار کو منعقد ہونے والے عرب اور اسلامی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے کہا کہ اس وقت عرب اسلامی سربراہی اجلاس کا انعقاد بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ بزدلانہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے قطر کی ریاست کے ساتھ وسیع عرب اور اسلامی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔وزارت خارجہ نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دوحہ ایک غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں اسرائیلی حملے اور حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔وزرائے خارجہ کا اجلاس اتوار کو ہوگا جبکہ اس کے بعد سربراہی اجلاس پیر کو بلایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق حماس کو نشانہ بنانے کے بہانے اسرائیل نے قطر پر حملہ کردیا جس کی دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔عرب ممالک نے اس کے خلاف کارروائی کیلئے اجلاس طلب کیا ہے جس میں اسرائیل کی جارحیت اور خاص طور پر غزہ میں اس کی نسل کشی اور دوسرے امورپر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔