قطر کا اسرائیل پر غزہ جنگ بندی کی ’مسلسل خلاف ورزی‘ کا الزام

   

دوحہ ۔ 21 اکٹوبر (ایجنسیز) حماس کے ٹھکانوں پر کئی مہلک حملوں کے بعد منگل کو جنگ بندی کے اہم ثالث قطر کے حکمران نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ 11 روز پرانی جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آلِ ثانی نے شوریٰ کونسل کے قانون ساز ادارے سے سالانہ خطاب میں کہا کہ ہم فلسطین میں اسرائیل کی تمام خلاف ورزیوں اور طرزِ عمل بالخصوص غزہ کی پٹی کو انسانی زندگی کیلئے غیر موزوں علاقے میں تبدیل کر دینا اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کی مذمت کا اعادہ کرتے ہیں۔

حماس نے ایک اور یرغمالی کی نعش اسرائیل کے حوالے کردی
بیروت ۔ 21 اکٹوبر (ایجنسیز) فلسطینی تنظیم حماس نے ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی نعش بین الاقوامی ریڈ کراس کے ذریعہ اسرائیلی حکام کے حوالے کردی ہے۔رپورٹس کے مطابق حماس نے غزہ میں موجود نعش کو ریڈ کراس کے نمائندوں کے سپرد کیا، جس کے بعد اسے اسرائیلی فوج کے حوالے کردیا گیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ نعش کو پولیس کی نگرانی میں تل ابیب کے ابو کبیر فرانزک انسٹی ٹیوٹ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی شناخت کا عمل دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔حماس اب تک 13 یرغمالیوں کی نعشیں واپس کر چکی ہے، جبکہ تنظیم کے پاس اب بھی 15 یرغمالیوں کی نعشیں موجود ہیں۔ اسرائیلی حکام نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باقی نعشوں کو بھی جلد از جلد واپس کرے۔