قلب پر حملہ سے امریکی خاتون سیاح کی موت

   

بھرت پور، 10 اکتوبر (یو این آئی) امریکہ کی ایک خاتون سیاح جو اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہندوستان کا دورہ کر رہی تھی، جمعرات کو راجستھان کے بھرت پور میں دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہو گئی۔ آر بی ایم اسپتال میں خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ لاش کو ڈسٹرکٹ اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھوا دیا گیا ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکی شہری نوئل جمعرات کی صبح اپنے خاندان اور دوستوں کے 20 رکنی گروپ کے ساتھ آگرہ سے روانہ ہوئی تھی۔ یہ گروپ فتح پور سیکری کا دورہ کرنے کے بعد بھرت پور پہنچاتھا۔ یہ سب ٹرین کے ذریعہ رنتھمبور کیلئے روانہ ہونے والے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ بھرت پور ریلوے اسٹیشن پر نول کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ اس نے سینے میں درد کی شکایت کی۔
گروپ کے ساتھ موجود گارڈ کی مدد سے نوئل کو آر بی ایم اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق نوئل کا خاندان بھرت پور کے ایک نجی ہوٹل میں ٹھہرا ہوا ہے ۔ باقی گروپ رنتھمبور کے لیے روانہ ہو گیا ہے ۔