سنگاریڈی میں جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر کا خطاب، ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت
سنگاریڈی 28 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر پی۔ پراوینیا نے ہدایت دی ہے کہ گرمیوں کے موسم میں ضلع میں کہیں بھی پینے کے پانی کی قلت پیدا نہ ہو، اس کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ مؤثر اقدامات کیے جائیں سنگاریڈی کلکٹریٹ کے اجلاس ہال میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کلکٹر نے اندراماںا مکانات، ٹو بی ایچ کے ہاؤسنگ، ایم جی نریگا (این آر ای جی ایس) کاموں اور دیہی پینے کے پانی کی فراہمی کا منڈل وار جائزہ لیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران اور ایم پی ڈی اوز شریک تھے۔کلکٹر نے واضح کیا کہ گرمیوں میں پانی کے مسائل سے بچنے کے لیے ہر گاؤں میں پیشگی انتظامات کیے جائیں اور کسی بھی منڈل میں عوام کو پینے کے پانی کے لیے پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے بورویلز کی فلشنگ، موٹروں کی مرمت، پائپ لائن لیکیج کی درستگی جیسے کاموں کے لیے گرام پنچایت فنڈز استعمال کرنے کی ہدایت دی۔ پانی کے معیار کی باقاعدہ جانچ کرنے اور مسائل کی فوری اطلاع دینے کو بھی کہا گیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ جہاں پانی کے مسائل بار بار پیدا ہوتے ہیں وہاں ایم پی ڈی اوز خود دورہ کر کے آر ڈبلیو ایس حکام کے ساتھ تال میل سے مستقل حل یقینی بنائیں۔این آر ای جی ایس کے تحت لیبر کے استعمال میں اضافہ کرنے، منظور شدہ کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور اسکول بیت الخلاء ، آنگن واڑی عمارتیں، گرام پنچایت عمارتیں اور اسکول کمپاؤنڈ والز کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔کلکٹر نے اندیرامّا مکانات کے سلسلہ میں اہل مستحقین کو منظوری جلد فراہم کرنے، زیر التواء تعمیراتی کاموں کو تیز کرنے اور ضرورت پڑنے پر سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے قرض سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ٹو بی ایچ کے مکانات کے لیے ایل–2 مستحقین کی فہرست جلد تیار کر کے پیش کرنے کو بھی کہا گیا۔ اجلاس میں ضلع پریشد سی ای او جانکی ریڈی، ڈی آر ڈی او جیوتی، ہاؤسنگ پی ڈی چلاپتی راؤ، آر ڈبلیو ایس ایس ای رگھو ویر سمیت متعلقہ افسران شریک تھے۔