قلعہ گولکنڈہ میں آج یوم آزادی تقریب، چیف منسٹر پرچم کشائی انجام دینگے

,

   

اطراف کے علاقوں میں ٹریفک تحدیدات، شہر میں تاریخی عمارتوں اور سرکاری دفاتر پر خصوصی سجاوٹ، جگہ جگہ ترنگا ریالیاں
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ صبح 10:30 بجے قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔ گولکنڈہ میں تقاریب کے ضمن میں پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ اہم شخصیتوں کی شرکت کے پیش نظر اطراف کے علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کی گئیں تاکہ تقاریب کے دوران کوئی دشواری نہ ہو۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ قلعہ گولکنڈہ کا دورہ کیا اور تقاریب کے ریہرسل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی آمد کے بعد تقریباً 1000 فنکار استقبالیہ پروگرام پیش کریں گے۔ سومیش کمار نے پولیس کے ڈریس ریہرسل کے علاوہ دیگر پروگراموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا جس میں حکومت کے مختلف محکمہ جات کی حصہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر قلعہ گولکنڈہ میں غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکومت نے 22 اگسٹ تک آزادی تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ریاست بھر میں مختلف پروگرام جاری ہیں۔ 22 اگسٹ کو لال بہادر اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقریب کیلئے عوامی نمائندوں اور اہم شخصیتوں کو خصوصی پاس جاری کئے گئے ہیں۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے بڑا اسکرین نصب کیا جارہا ہے۔ بارش کے پیش نظر واٹر پروف ٹینٹ تعمیر کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری کے ہمراہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جتیندر، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل انٹلیجنس انیل کمار، سکریٹری جی اے ڈی شیشادری، سکریٹری محکمہ صحت مرتضیٰ علی رضوی، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، کلکٹر حیدرآباد اموئے کمار، ڈائرکٹر اطلاعات و تعلقات عامہ راج مولی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ یوم آزادی تقاریب کے سلسلہ میں سرکاری دفاتر ، شہر کے اہم جنکشن اور تاریخی عمارتوں پر خصوصی سجاوٹ کا اہتمام کیا گیا ہے اور ترنگا کے رنگ کے مطابق روشنیاں کی گئی ہیں۔ خصوصی روشنیوں کا منظر دیکھنے کیلئے عوام بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ ترنگا ریالیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ حکومت نے ہر گھر ترنگا مہم کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ ترنگا مفت تقسیم کرنے کی مہم شروع کی ہے اور شہر کے کئی علاقوں میں بلدیہ کی جانب سے گھروں میں ترنگا حوالے کیا گیا۔ر