قلعہ گولکنڈہ میں سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ

   

پولیس کی لاپرواہی سے غیرسماجی سرگرمیاں عروج پر
حیدرآباد۔ 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) قلعہ گولکنڈہ علاقہ میں اِن دنوں غیرسماجی عناصر کی سرگرمیاں عروج پرہیں ، بالخصوص عادی سارقین کی سرگرمیاں عام شہریوں کیلئے دن بہ دن مشکلات کا سبب بنتی جارہی ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ دن قلعہ گولکنڈہ علاقہ میں سلسلہ وار سرقہ کی وارداتیں پیش آئیں اور ان وارداتوں کی شکایات کے باوجود بھی پولیس گولکنڈہ کی کارروائی معنی خیز ثابت ہورہی ہے۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ انسپکٹر پولیس گولکنڈہ کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ ان کے پولیس اسٹیشن میں کتنی شکایتیں حاصل ہوئی ہیں اور ان شکایتوں پر کیا اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حاصل شدہ اطلاعات کی تصدیق کیلئے جب اسٹیشن ہاؤز آفیسر گولکنڈہ سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے سرقہ کی وارداتوں سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ گزشتہ ہفتہ یعنی ان وارداتوں سے دو دن قبل ہی آپریشن کوچ منعقد کیا گیا۔ مجرموں کو باور کرنے اور پرسکون ماحول کیلئے کمشنر پولیس انتھک جدوجہد میں جٹے ہوئے ہیں ، لیکن ماتحت عہدیداروں کے اقدامات سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے یا تو ان عہدیداروں کو جرائم پر قابو پانے سے دلچسپی نہیں یا پھر کمشنر پولیس کے احکامات کا کوئی لحاظ نہیں۔ گولکنڈہ کے عوام نے کمشنر پولیس حیدرآباد سے اپیل کی ہے کہ وہ قلعہ گولکنڈہ پر توجہ مرکوز کریں۔ع