ا- 27ارکان پہلی مرتبہ اسمبلی میں قدم رکھیں گے-

   

چیف منسٹر کو 8 مرتبہ منتخب ہونے کا اعزاز، 73 سالہ وینکٹیشور راؤ بزرگ رکن ، 33 سالہ ہری پریا سب سے کم عمر

حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں 17 جنوری کو نو منتخب ارکان کی حلف برداری کے موقع پر 27 ایسے ارکان حلف لیں گے جو قانون ساز اسمبلی کیلئے پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔ 119 رکنی اسمبلی میں 27 ارکان ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ اسمبلی میں قدم رکھیں گے۔ ان میں سے 23 ایسے ارکان ہیں ، جو کسی بھی ایوان مقننہ کیلئے ابھی تک منتخب نہیں ہوئے۔ جبکہ 4 ارکان سابق میں لوک سبھا یا کونسل کے رکن رہ چکے ہیں۔ ٹی آر ایس کے سی ایچ ملا ریڈی اور بی سمن لوک سبھا کے رکن تھے، جنہوں نے اسمبلی کیلئے منتخب ہونے کے بعد لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ ٹی آر ایس کے پی نریندر ریڈی اور کانگریس کے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی ، قانون ساز کونسل کے ارکان رہ چکے ہیں۔ اسمبلی قواعد کے مطابق عبوری اسپیکر ممتاز احمد خاں کی صدارت میں جیسے ہی اجلاس کا آغاز ہوگا، قائد ایوان چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سب سے پہلے اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیں گے ۔ اپوزیشن کی جانب سے قائد منتخب کئے جانے کی صورت میں چیف منسٹر کے بعد قائد اپوزیشن کی حلف برداری ہوگی۔ اگر قائد اپوزیشن کا انتخاب نہیں ہوا تو الیکشن کمیشن کی جانب سے شائع شدہ گزٹ کے مطابق حرف تہجی کے اعتبار سے ارکان اسمبلی حلف لیں گے۔ لیجسلیچر سکریٹریٹ کے عہدیدار حرف تہجی کے اعتبار سے ارکان کے نام پکاریں گے ۔ نئی اسمبلی میں 16 ارکان ایسے ہیں جو متحدہ آندھراپردیش میں 2009 ء اور 2014 ء کے درمیان اسمبلی کے رکن رہے لیکن وہ 2014 ء کی پہلی تلنگانہ اسمبلی کے رکن نہیں تھے۔ 77 ارکان بشمول نامزد رکن ایلویس اسٹیفنسن مسلسل دوسری مرتبہ اسمبلی میں قدم رکھیں گے ۔ وہ گزشتہ اسمبلی میں بھی رکن تھے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مسلسل آٹھویں مرتبہ اسمبلی میں سب سے زیادہ تجربہ کار رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کے بعد 6 مرتبہ منتخب ہونے والے ارکان میں ممتاز احمد خاں اور ٹی آر ایس کے ریڈیا نائک اور ای دیاکر راؤ شامل ہیں۔ عمر کے اعتبار سے دیکھا جائے تو کانگریس کے وی وینکٹیشور راؤ سب سے زیادہ سینئر ہیں۔ ان کی عمر 73 سال ہے۔ عالم پور کے رکن وی ایم ابراہم 72 سال اور ممتاز خاں 70 سال کی عمر کے ساتھ علی الترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ کانگریس کے ہری پریا بنوت سب سے کم عمر رکن ہیں جن کی عمر صرف 33 سال ہے۔ ان کے بعد روہت ریڈی کا نام آتا ہے جو 34 سال کے ہیں۔ ٹی آر ایس کے بی سمن کی عمر 35 سال ہے ۔ نئی اسمبلی میں 8 مسلم ارکان ہوں گے جن میں 7 مجلس کے اور ایک ٹی آر ایس کے ہیں۔ اسمبلی میں خواتین کی تعداد 6 ہے جن میں کانگریس اور ٹی آر ایس علی الترتیب 3 ، 3 ارکان منتخب ہوئے۔