قلعہ گولکنڈہ کے باہر بدنظمی ، ٹورگائیڈس بلیک ٹکٹس فروخت کرنے میں ملوث

   

Ferty9 Clinic


25 روپئے کے ٹکٹ کی گائیڈس کے ہاتھوں 500 تا 1000 روپیوں میں فروختگی
حیدرآباد :۔ حیدرآباد کے مشہور تاریخی مقام قلعہ گولکنڈہ کے باہر اتوار کو بدنظمی اور انتشار جیسی صورتحال دیکھی گئی ، کیوں کہ اس تاریخی قلعہ کو دیکھنے کے لیے آنے والے کئی لوگوں کو ، جن میں دور کے مقامات سے یہاں آنے والے لوگ بھی شامل تھے ، ٹکٹ کاونٹر کے عہدیداروں کی جانب سے انہیں یہ بتانے کے بعد واپس کردیا گیا کہ اس دن کے لیے ٹکٹ سلاٹس دستیاب نہیں ہیں ۔ اس دوران اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محکمہ سیاحت کے کئی گائیڈس نے 500 تا 1000 روپئے میں ٹکٹس فروخت کیے حالانکہ ٹکٹ کی اصل قیمت 25 روپئے مقرر ہے ۔ قلعہ گولکنڈہ شہر میں ایک مشہور سیاحتی مقام ہے اور ویک اینڈس میں یہاں بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں ۔ اتوار کو تقریبا شام 4 بجے قلعہ کے باب الداخلہ کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے اور ٹکٹس حاصل کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ کئی لوگوں نے شکایت کی کہ قلعہ کے سیکوریٹی گارڈس نے آن لائن ٹکٹ اسکیننگ بورڈ کو قلعہ کی عمارت کے اندر رکھا تھا اور اسے ان کی پہنچ سے دور رکھا گیا تھا ۔ گائیڈس باہر بلیک میں ٹکٹس فروخت کررہے تھے ۔ ایک سیاح نے کہا کہ ’’ گائیڈ نے ہم کو ایک پیاکیج کی پیشکش کی ۔ اس نے کہا کہ وہ ہمیں 600 روپئے میں قلعہ کے اندر لے جائے گا اور ہم کو قلعہ کی پہلی منزل کی سیاحت کروائے گا اور اگر ہم پورا قلعہ دیکھنا چاہیں تو ہم کو 1000 روپئے دینا پڑے گا ‘‘ ۔ ایک ٹورسٹ گائیڈ نے کہا کہ ’’ آپ کو مجھے 1000 روپئے دینا ہوگا اور میں آپ کو داخلہ ٹکٹ دلاؤں گا ۔ سلاٹ دستیابی کے بارے میں فکر نہ کریں ‘‘ ۔ اس طرح کی نامعقول اور ناپسندیدہ قیمتوں کے بارے میں سوال کرنے پر اس نے کہا کہ ’’ یہ اب ایک فکسڈ ریٹ ہے ، کوویڈ 19 صورتحال کی وجہ اب ہر ویک ینڈ قلعہ اندر جانا بہت مشکل ہے ۔ اس لیے یہ قیمت ادا کریں یا واپس گھر جائیں ‘‘ ۔۔