باضابطہ میمو جاری ۔ عملہ فراہم کرنے کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایت۔ پرانے شہر کی تاریخی عمارتوں کی بحالی کا ذمہ
حیدرآباد 30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) غیرکارکرد ہوچکی قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ایک بار پھر سے متحرک و سرگرم کیا جا رہا ہے ۔ یہ اتھاریٹی 1981 میں تشکیل دی گئی تھی تاکہ پرانے شہر میں ترقیاتی پراجیکٹس کی تکمیل کا ذمہ اسے سونپا جاسکے ۔ اب حکومت کی جانب سے پرانے شہر کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے کئی پراجیکٹس ایک بار پھر قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو سونپے جا رہے ہیں۔ حکومت نے ایک میمو نمبر 353/2021/MA&UD مورخہ 10 اگسٹ جاری کیا ہے جس میںقلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو کئی بڑے پراجیکٹس سونپے جا رہے ہیں۔ ان میں چارمینار پیدل راہرو پراجیکٹ ‘ لاڈ بازار پیدل راہرو پراجیکٹ ‘ پتھرگٹھی پیدل راہرو پراجیکٹ ‘ سردار محل کی مرمت اور تزئین نو ‘ مرغی چوک کی تزئین نو ‘ میر عالم تالاب کو خوبصورت بنانے اور پرانے شہر کی ہیرٹیج عمارتوں کو بحال کرنے کی ذمہ داریاں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا قیام پرانے شہر حیدرآباد کی ترقی کے منصوبے تیار کرنے اور انہیںفروغ دینے کے مقصد سے عمل میں لایا گیا تھا ۔ اس تھاریٹی کے ذریعہ پرانے شہر کے عوام کو بہتر بلدی سہولیات بشمول برقی ‘ پانی ‘ ڈرینیج ‘ ہاوزنگ وغیرہ کی سہولتیں فراہم کرنا تھا اور تعلیم و تفریحی سہولیات و مارکٹوں کی تعمیر بھی اس کی ذمہ داریوں میں شامل تھی ۔ تاہم گذرتے وقت کے ساتھ یہ اتھاریٹی تقریبا غیرکارکرد ہوگئی تھی اور اسے کوئی فنڈز بھی جاری نہیں کئے جا رہے تھے۔ یہ ایک ایسا ادارہ بن گئی تھی جسے ایک کے بعد دیگر تمام حکومتوں نے نظرانداز کردیا تھا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ چیف منسٹر اس اتھاریٹی کے صدر نشین ہوتے ہیں۔ حد تو یہ ہوگئی کہ ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ کے ترقیاتی فنڈ سے ہونے والے کاموں کو بھی جی ایچ ایم سی ساؤتھ زون کے حوالے کردیا گیا تھا ۔ تاہم اب جبکہ حکومت بالآخر اس اتھاریٹی کو بحال کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ایسے میں اتھاریٹی کو پراجیکٹس کی ذمہ داری دی جا رہی ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی گئی ہے کہ اتھاریٹی کیلئے مناسب عملہ فراہم کیا جائے ۔ اتھاریٹی کو پرانے شہر کی تاریخی اور کلچرل عمارتوں کو بحال کرنے کا ذمہ دیا جا رہا ہے ۔ اس سے نہ صرف پرانے شہر کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جاسکتا ہے بلکہ سیاحت کو بھی بڑے پیمانے پر فروغ حاصل ہوسکتا ہے ۔ جو میمو حکومت نے جاری کیا ہے اس کے ذریعہ جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی گئی ہے کہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو عملہ سے مستحکم کیا جائے ۔ کمشنر سے کہا گیا ہے کہ ایک سپرنٹنڈنٹ ‘ کچھ انجینئرس ‘ دو ایگزیکیٹیو انجینئرس ‘ چار ڈپٹی ایگزیکیٹیو انجینئرس اتھاریٹی کیلئے فراہم کئے جائیں تاکہ اتھاریٹی میں کام کاج کو بحال کیا جاسکے ۔ اسی طرح کمشنر جی ایچ ایم سی سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک سٹی پلانر ‘ دو اسسٹنٹ سٹی پلانرس وغیرہ بھی اتھاریٹی کو فراہم کئے جائیں تاکہ ہیرٹیج عمارتوں کی بحالی اور تزئین پر خاص توجہ دی جاسکے ۔ اس کے علاوہ سپورٹ اسٹاف بھی فراہم کیا جانا چاہئے ۔ باقاعدہ نگہداشت اور پراجیکٹ کے کام بلدیہ انجام دے گی جبکہ اتھاریٹی بحالی اور فروغ سیاحت پر توجہ کے ساتھ کام کرے گی ۔