قواعد پر عمل کرنے والے کالجس کی حوصلہ افزائی

   

زائد سیکشنس اور نئے کورسیس کی منظوری دینے کا فیصلہ
حیدرآباد۔3فبروری ( سیاست نیوز) ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے قواعد و ضوابط پر من و عن عمل ، طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے والے پرائیوٹ ڈگری کالجوں کیلئے زائد سیکشنس کی منظوری دینے کے ساتھ نئے کورسیس کیلئے منظوری دینے جیسے اقدامات کے ذریعہ ہمت افزائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ اعلامیہ کی روشنی میں ماہ 12فبروری تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں لیکن نشستوں کی تعداد میں من مانی اضافہ نہ کرنے شرائط عائد کئے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ تعلیمی سال 2019-2020ء میں جملہ نشستوں کے منجملہ 60 فیصد سے زائد نشستیں پُر ہونے والے کالجوں کو ہی موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا اور ذریعہ غیر ضروری اضافہ کو روکنے کے ساتھ طلبہ کو معیاری کالجوں کی دستیابی ہوسکے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان اقدامات کے ذریعہ سال 2020-2021ء میں 20 ہزار نشستوں کا اضافہ ہوسکتا ہے ۔ تلنگانہ میں فی الوقت 1164 خانگی ڈگری کالجوں میں چار لاکھ نشستیں ہیں جن کے منجملہ صرف 2.22 لاکھ نشستیں پُر ہوسکیں ۔ بتایا جاتا ہیکہ ریاست میں 50تا 60 فیصد نشستیں پُر ہونے والے ڈگری کالجوں کی تعداد 100ہے جبکہ 60 تا 70 فیصد نشستیں پُر ہونے والے کالجس کی تعداد 90 ہے ۔ 70تا 80 فیصد نشستوں والے کالجس کی تعداد 70 بتائی جاتی ہے ۔ علاوہ ازیں 80فیصد سے زائد نشستیں پُر ہونے والے کالجوں کی تعداد صرف 40 ہے ۔ ریاست میں اب تک تعداد کے لحاظ سے کالجوں کی تعداد زیادہ ہے اور ان کیلئے طلبہ فراہم نہیں ہوپارہے ہیں جس کی وجہ سے گذشتہ کچھ عرصہ سے کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نئے ڈگری کالجس ، نئے کورسیس اور نشستوں کی تعداد میں اضافہ کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔