قواعد کی خلاف ورزی پر 18,973 ڈرائیونگ لائسنس معطل

   

الیکٹرک گاڑیوں کو 369 کروڑ روپے ٹیکس اور رجسٹریشن فیس سے استثنیٰ، محکمہ ٹرانسپورٹ کی رپورٹ

حیدرآباد۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ نے واضح کردیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاپرواہی سے گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ ڈسمبر 2023 سے جون 2025 تک ریاست بھر میں 18,973 ڈرائیونگ لائسنس کو معطل کردیا گیا ہے۔ شراب پی کر یا منشیات کا استعمال کرتے ہوئے تیز رفتار ڈرائیونگ جیسی سنگین خلاف ورزیاں بھی اس میںشامل ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں اس کا انکشاف ہوا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کوپالیسی کے ساتھ بغیر کسی حد کے صد فیصد روڈ ٹیکس اور رجسٹریشن فیس میں استثنی دیا گیا ہے۔ 16 نومبر 2024 تا 30 جون 2025 تک 49,633 الیکٹرک گاڑیوں کو 369.27 کروڑ روپے کا استثنی دیا گیا ہے۔ ڈرائیونگ کی مہارت کو جانچنے کے لئے 25 ٹو وہیلر ٹریکس، 27 فور وہیلر‘ 5 ہیوی وہیکلس ٹریکس کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ آٹومیٹک ڈرائیونگ ٹسٹ ٹریکس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری ریاستوں کی طرح وہان اپلیکشن پر عمل کرنے کے ساتھ اگست کے اواخر تک ای ڈیجیٹل خدمات کا آغاز کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے۔ گاڑیوں کی نگرانی اور آلودگی کی جانچ کے لئے ٹسٹنگ سنٹرس آئی ٹی نظام سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ گاڑیوں کے رجسٹریشن کوڈ ’’ٹی ایس‘‘ کو 15 مارچ 2024 سے ’’ٹی جی‘‘ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ رواں سال 30 جون تک 13.05 لاکھ گاڑیوں کو ’’ٹی جی‘‘ کوڈ میں تبدیل کیا گیا ہے۔ 2