قواعد کی پھر خلاف ورزی،عمر اکمل پر تاحیات پابندی کا خدشہ

   

Ferty9 Clinic

کراچی۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دومختلف واقعات میں اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے تحت عمر اکمل پر فرد جرم عائدکردیا ہے اور اگر ان کیخلاف الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں چھ ماہ سے لے کر تاحیات پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 6.2 کی شق نمبر دو،چار،چار کے تحت جارج کیا گیا ہے کیونکہ اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کسی بھی فردکی جانب سے بدعنوانی کی پیشکش سے متعلق وہ پی سی بی کے وجیلنس اور سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو مکمل تفصیلات سے آگاہ کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث انہیں 20 فروری کوکھیل کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنے کے بعد 17 مارچ کو نوٹس آف چارج جاری کردیا گیا جس کا تحریری جواب انہیں 14 دنوں کے اندر یعنی31 مارچ تک پی سی بی میں جمع کروانا ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق اس حوالے سے پریس ریلیز کے اجراء کے بعد بورڈ مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔ یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے معطلی کے بعد عمر اکمل نے خاموشی اختیارکی ہوئی ہے تاہم 22 فروری کو پاکستان سوپر لیگ کے میچ کے بعد ان کے بڑے بھائی کامران اکمل نے میڈیا سے گفتگو میں ان کا دفاع کرتے ہوئے یقین ظاہرکیا تھا کہ چھوٹا بھائی عمر اکمل کوئی منفی کام نہیں کرسکتا کیونکہ وہ اتنا ہی شفاف ہے جیسے کہ دس سال قبل کیریئر کے آغاز پر تھا اور وہ کسی بھی دوسرے کھلاڑی سے بڑھ کر اینٹی کرپشن یونٹ کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ عمر اکمل کا کیریئر مختلف منفی واقعات سے دوچار رہا ہے اور چند ماہ قبل فٹنس ٹسٹ میں ناکامی کے بعد بھی انہوں نے این سی اے کے ایک اسٹاف رکن سے نامناسب رویہ اختیارکیا تھا جسے دوروزہ تحقیقات کے بعد پی سی بی نے غلط فہمی کے زمرے میں ڈال کرختم کردیا تھا۔یادرہے کہ تنازعہ کی وجہ سے ہی پاکستان سوپر لیگ کے آغاز سے قبل ہی عمر اکمل کو ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا اور معاوضہ کا چیک بھی واپس کرنے کی ہدایت دی گئی ۔