حریت کانفرنس چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے قوموں کی ذہنی و فکری نشو ونما کے لئے تعلیم و تربیت اور علم کے حصول کو لازمی قرار دیتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آنے والے کل کے لئے آج کی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں کیونکہ دنیا کی کوئی بھی قوم اس وقت تک زندگی کے کسی بھی شعبے میں نمایاں ترقی نہیں کرسکتی جب تک نہ وہ تعلیم کے حصول کو اپنی زندگی کا مقصد نہیں بناتی کیونکہ یہ صرف علم کی کرشمہ سازی ہی ہے کہ آج دنیا خاص طور پر مغربی اقوام کہیں سے کہیں پہنچ چکی ہے۔
منگل کے روز سری نگر کے گلی کدل نوشہرہ میں قائم ‘فور فرنڈس پبلک اسکول’ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پُر وقار تقریب میں طلباء، اساتذہ اور معززین سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ہمارے نونہالوں اور نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے اور وہ زندگی کے کسی بھی میدان میں دوسری قوموں کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ یہاں کے تعلیمی ادارے اپنے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان اداروں میں اسلامی اور اخلاقی تعلیمات کو اپنے نصاب میں شامل کریں تاکہ یہاں کی نوجوان نسل کو جدید تقاضوں اور ضرورتوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ آج سے سوا سو سال پہلے جب پورا کشمیر ظلم و جفا، غربت و جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا تو اس وقت کے مرد آہن میرواعظ کشمیر علامہ رسول شاہ صاحب نے اسلامیہ اسکول کی بنیاد ڈال کر ظلم و جہالت کے خلاف ایک منظم جہاد کا آغاز کیا اور آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ پورے کشمیر میں جگہ جگہ تعلیمی اداروںکا جال بچھا ہوا ہے جو ہر لحاظ سے خوش آئند ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ اسلام جیسے آفاقی دین نے جتنا زور حصول علم پر دیا ہے دنیا کے دوسرے ادیان میں ہمیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے سکول ہٰذا کے چیئرمین حسینی اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے میں طلباء کو جدید سہولیات مثلاً کلاس رومز میں اے سی، کمپیوٹر اور دیگر تعلیمی دلچسپی کے سامان مہیا کئے ہیں جو ایک مثبت قدم ہے اور جدید زمانے کے تقاضوں کے ہم آہنگ بھی ہے۔
میرواعظ نے ادارے کی مزید ترقی کے لئے اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے خصوصی دعا کی۔ اس سے قبل میرواعظ جب گلی کدل پہنچے تو اسکول انتظامیہ طلباءاور مقامی لوگوں نے موصوف کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔