قومی اتحاد کا مظاہرہ کرنے حسن روحانی کی احتجاجی عوام سے اپیل

   

تہران ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے اتحاد کا مظاہرہ کرنے عوام پر زور دیا ہے۔ ایران کی فوج کی جانب سے یوکرین کے طیارہ کو حادثاتی طور پر مار گرانے کے حادثہ کے بعد ایران میں عوام کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے اور لوگ اس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ حسن روحانی نے آج سرکاری ٹیلیویژن پر خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی جانب سے طیارہ حادثہ سے متعلق اطلاعات کی فراہمی میں تاخیر کیلئے انہیں معذرت خواہی کرنے دیں۔ حسن روحانی نے طیارہ حادثہ سے متعلق مکمل تفصیلات حاصل کرنے پر زور دیا۔ امریکی حملہ میں ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد عراق میں امریکی فوجی ٹھکانوں پر ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بالسٹک میزائل حملہ کیا تھا۔ اس دوران ایک میزائل یوکرین مسافر بردار طیارہ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں اس میں سوار تمام176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حادثہ پر مختلف گوشوں سے ایران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات اور تفصیلات پیش کرنے کے علاوہ معاوضہ ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔