کانگریس لیڈر ڈی سنجے کی امیر جماعت سعادت اللہ حسینی و نائب صدر ملک معتصم خاں سے ملاقات
نظام آباد 28 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر کے سینئر کانگریس پارٹی لیڈر وصدر ضلع منور کاپو سنگم نظام آباد دھرم پوری سنجے نے حیدرآباد میں ایک اہم تقریب کے موقع پر امیر جماعت اسلامی ہند سعادت اللہ حسینی و نائب صدر ملک معتصم خان سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے موقع پر دھرم پوری سنجے نے جماعت اسلامی ہند کی ہر شعبے میں کی جانے والی مثالی خدمات کی ستائش کی۔ ڈی سنجے نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند تعلیم، روزگار، نوجوان نسل کو ہنرمند بنانے کے ساتھ ساتھ مذہبی اقدار کی پاسداری اور ہندو ،مسلم ،سکھ اور عیسائی مذاہب و دیگر طبقات کے درمیان ایک مضبوط قومی اتحاد کی برقراری کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا۔ جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داران بالخصوص امیر جماعت اسلامی ہند سعادت اللہ حسینی و نائب صدر ملک معتصم خان نے آنجہانی ڈی سرینواس کی سیاسی و عوامی خدمات کو یاد کیا اور فرسٹ مئیر ڈی سنجے کی سیاسی بصیرت اور عمدہ سیاسی پیشرفت، عوامی خدمات مقامی سطح پر تمام طبقات میں ان کی مضبوط گرفت اور ہندو مسلم اتحاد و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کیلئے کی جانے والی پہل کی تعریف کی اور کہا کہ دھرم پوری سنجے کی تلنگانہ بالخصوص ضلع و شہر نظام آباد میں کانگریس پارٹی کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے اور ہندو مسلم اتحاد امن و بھائی چارہ کی برقراری کیلئے کی جانے والی ان کی کاوشوں میں جماعت اسلامی ہند کا مکمل تعاون رہے گا۔ اس ملاقات کے موقع پر جماعت اسلامی ہند کے دیگر اہم شخصیات و ذمہ داران بھی موجود تھے۔