قومی اردوکونسل کا بجٹ مودی حکومت میں دوگنا، کونسل کے ڈائرکٹر نے کیا خوشی کا اظہار

,

   

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے قومی کونسل کا بجٹ تقریباً دو گنا کرنے پر فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کونسل اردو کی ترویج و اشاعت کے لئے پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کی صدارت میں قومی کونسل کی ایگزی کیوٹیو کمیٹی کی میٹنگ میں مسٹر نشنک نے کہاکہ اردو کی ترویج و اشاعت کے لئے حکومت ہند ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور اردو کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ عقیل نے کہا کہ وزیر موصوف نے کہاکہ اردو کونسل میں اردو کی ترقی کے لئے جو اسکیمیں چل رہی ہیں وہ جاری رہنی چاہئے اور اس کے علاوہ بھی اردو کی ترقی کے لئے نئی نئی اسکیمیں چلانے پر زور دیا۔

قومی کونسل کے ڈائرکٹر نے بجٹ پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر موصوف نے ایسی اسکیم شروع کرنے پر زور دیا جس سے اردو کی بہتر انداز میں ترقی ہو اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر نشنک نے اردو کی ترویج میں دلچسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ اردو کے فروغ میں مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

وزیر نے کونسل کے ڈائرکٹر سے کہا کہ اردو کی ترقی کے لئے کوئی ویژن تیار کریں اور ویژن کی تیاری میں حکومت پوری مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ اگر کونسل چاہے گی تو حکومت ویژن بناکر دینے کے لئے تیار ہے۔ واضح رہے کہ سابقہ منموہن سنگھ حکومت میں پانچ سال کا بجٹ 146کروڑ روپے تھا اور مودی حکومت نے اپنی پہلی میعاد میں کونسل کو 316 کروڑ روپے کا بجٹ دیا تھا۔ قبل ازیں حکومت نے ملک اور بیرون ملک اردو زبان کی نشرواشاعت کی غرض سے قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان(این سی پی یوایل)کے بجٹ کو45 کروڑ سے بڑھا کر 84 کروڑ روپے کر دیا ہے۔