قومی اردو کونسل کو بند کئے جانے کی خبریں بے بنیاد:پروفیسر شیخ عقیل احمد

   

نئی دہلی: پچھلے دو دنوں سے سوشل میڈیا پر بعض لوگ یہ افواہ پھیلا رہے ہیں کہ وزارت تعلیم حکومت ہند، قومی اردو کونسل کو بند کر نے جارہی ہے ۔ یہ سلسلہ دراصل کونسل کے ایک حالیہ اعلان کے بعد شروع ہوا ہے ،جس میں یہ کہا گیا ہے کہ اس سال گرانٹس ان ایڈ سکیموں کے لیے نئی درخواستیں نہیں لی جائیں گی۔ یہ اطلاع آج یہاں جاری کونسل ریلیز میں دی گئی ہے ۔ریلیز کے مطابق یہ اعلان اس لیے کیا گیا ہے کہ پچھلے سال آنے والی درخواستوں پر گورننگ کونسل نہ ہونے کی وجہ سے عمل درآمد نہیں ہوسکا تھا، ایسے میں نئے مالی سال میں درخواستیں طلب کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے ،اسی لیے کونسل نے یہ نوٹیفکیشن جاری کی ہے ۔ اس پورے معاملے پر بذات خود کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے وضاحت پیش کی ہے اور کہا ہے کہ کونسل کو بند کیے جانے کی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں نہ کونسل بند ہورہی ہے ، نہ اس کی سرگرمیوں پر کوئی بندش لگی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ گرانٹس این ایڈ اسکیم کے تحت صرف پانچ سے چھ کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں اور اگر گرانٹس این ایڈ اسکیم کسی وجہ سے بند بھی ہوجائے تو اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ این سی پی یو ایل بند ہوجائے گی۔ انہوںنے واضح کیا کہ این سی پی یو ایل کی تمام اسکیمیں بدستور و بحسن و خوبی چل رہی ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ اس سال بھی حکومت کی طرف سے پچھلے سال سے دس فیصد زیادہ گرانٹس ملی ہیں۔