اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی میں بے قاعدگیوں کی 23 فروری کو دہلی میں سماعت
حیدرآباد۔/15 فروری، ( سیاست نیوز) قومی اقلیتی کمیشن نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی میں بے قاعدگیوں کے معاملات پر 3 عہدیداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 فروری کو نئی دہلی میں کمیشن کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت ہند کے انڈر سکریٹری کی جانب سے سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم اور کلکٹر آصف آباد راہول راج کو نوٹس جاری کی ہے۔ کمیشن کی کارگذار صدرنشین شہزادی بیگم نے گزشتہ ہفتہ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اقامتی اسکول سوسائٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا۔ مختلف گوشوں سے موصولہ شکایات کا موثر انداز میں جواب نہیں دیا گیا اور نہ ہی کوئی رپورٹ پیش کی گئی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے آؤٹ سورسنگ ملازمین کے تقرر میں بے قاعدگیوں اور دیگر امور کے سلسلہ میں 7 فروری کو حیدرآباد میں سماعت کی تھی۔ نوٹس میں تینوں عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ 23 فروری کو سہ پہر 3:30 بجے نئی دہلی میں کمیشن کی سماعت میں حاضر ہوں اور ضروری فائیل اور دستاویزات کے ساتھ اپنے موقف کی وضاحت کریں۔
یہ پہلا موقع ہے جب قومی اقلیتی کمیشن نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی میں مبینہ طور پر بے قاعدگیوں اور بد انتظامی کے ضمن میں اعلیٰ عہدیداروں کو سمن جاری کیا ہے۔ر