نئی دہلی۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے حالیہ تشدد میں فسادیوں کی بربریت دیکھنے میں آئی۔ تشدد برپا کرنے والوں نے شدید زخمیوں کو دواخانہ پہنچانے نہیں دیا بلکہ ان سے قومی ترانہ گانے کا مطالبہ کیا، حالانکہ وہ بدحالی میں سڑک پر تڑپ رہے تھے۔ اس واقعہ میں شدید زخمی 24 سالہ فیضان ہفتہ کو زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ ایک ڈاکٹر نے کہا کہ اسے بندوق کی گولیوں کے زخم آئے تھے اور اسے نازک حالت میں دواخانہ پہنچایا گیا تھا۔ شمال مشرقی دہلی کے واقعہ کے ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ پانچ آدمیوں نے سڑک پر زخمی حالت میں پڑے فیضان کو گھیر رکھا ہے۔ ظاہری طور پر وہ پولیس والے نظر آرہے ہیں۔ ان میں سے دو اپنی لاٹھیوں سے فیضان کو ضرب لگاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’’قومی ترانہ اچھی طرح گا ‘‘۔