قومی روزگار اسکیم ، مزدوروں کو کام فراہم کئے جائیں

   

نارائن پیٹ میں عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت، پودوں کی نگہداشت پر زور

نارائن پیٹ۔ موسم گرما کی شدید دھوپ کے باعث سڑکوں کے کنارے لگائے گئے پودے اور درخت صحیح دیکھ بھال نہ ہونے اور آبیاری میں بے قاعدگیوں کی وجہ سے مرجھا جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر نارائن پیٹ ہری چندنا داسری ( آئی اے ایس ) نے آج ضلع کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں زونل ڈیولپمنٹ افسران اور انجینئر افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس میں کیا۔ انہوں نے ایم پی ڈی اوز کو انتباہ دیا کہ ہریتا ہرم پروگرام و دیگر پروگراموں کے موقع پر لگائے گئے پودوں کو موسم گرما میں زندہ رکھنے کے لئے جنگی خطوط پر کام انجام دیں اور روزنہ کی بنیاد پر ان پودوں کی آبیاری کا انتظام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مردہ پودوں کی جگہ نئے پودے لگائے جائیں۔ اور نرسریز میں پودوں کی نشوونما اور آبیاری کے انتظامات کو بہتر طریقہ سے انجام دیں تاکہ دوبارہ پودے خریدنے کی نوبت نہ آئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قومی روزگار اسکیم کے تحت کام کرنے والوں کو سرکاری طور پر کام فراہم کئے جائیں۔ ہر شخص کو 40 قسم کے کام فراہم کئے جائیں جو روزگار کی ضمانت کے ذریعہ کام فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے ’ ہمارا گاؤں ۔ ہمارا مدرسہ ‘ اسکیم کے تحت اسکولوں کی مرمت اور بنیادی ڈھانچہ کے ڈیزائن کے لئے تخمینہ تیار کرنے اور آن لائن اپ لوڈ کرنے کے عمل کوتیز کرنے کی ہدایت دی۔ اس سلسلہ میں 174 اسکولوں کا انتخاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر شریمتی پدمجارانی ، ڈی آر او گوپال، سی ای او لیاقت علی ، زونل ڈیولپمنٹ افسران، انجینئر افسران موجود تھے۔