قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام راجیو گاندھی کو خراج

   

Ferty9 Clinic

ٹکنالوجی کا فروغ راجیوگاندھی کا کارنامہ،سابق رکن اسمبلی پدماوتی اتم کمار کی تقریر

حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی جینتی تقاریب کے سلسلہ میں قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام آج پرکاشم ہال گاندھی بھون میں جلسہ منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین اور سینئر کانگریسی قائد ایس کے افضل الدین نے صدارت کی۔ سابق رکن اسمبلی پدماوتی اتم کمار ریڈی، تلنگانہ پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری ونود ریڈی، پریم لال اور دوسروں نے شرکت کی۔ پدماوتی اتم کمار ریڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مخالف دستور حکمرانی جاری ہے۔ سیکولرازم کے بجائے فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دی جارہی ہے اور حکومت فرقہ پرست طاقتوں کی حوصلہ افزائی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تہذیب و روایات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا مقابلہ عوام کو متحدہ طور پر کرنا چاہیئے۔ حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے برخلاف اس کے سیاسی مقصد براری سے متعلق مسائل کو ہوا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی زیر قیادت ملک میں تمام مذاہب کا یکساں احترام کیا گیا تھا اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ترقی کے مواقع فراہم کئے گئے۔ پدماوتی نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کی ترقی کا جو خواب دیکھا تھا بی جے پی اس کے برخلاف کام کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے انتخابی وعدوں کو فراموش کردیا۔ راجیو گاندھی نے ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی کو متعارف کیا۔ آج ڈرائیور کے بغیر چلنے والی کاروں کی ایجاد کا سہرا راجیو گاندھی کے سر جاتا ہے جنہوں نے ٹکنالوجی کی ترقی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی ملک کی ترقی کے بارے میں دور اندیش سیاستداں تھے۔ عوام کا تعلق چاہے کسی طبقہ سے کیوں نہ ہو ان میں ہندوستانی ہونے کا جذبہ ہونا چاہیئے اور یہی ملک کو باہم متحد رکھ سکتا ہے۔ ایس کے افضل الدین نے اپنے خطاب میں راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک میں سیکولرازم اور قومی یکجہتی کی مثال قائم کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان ملک کا وہ واحد خاندان ہے جس دو وزرائے اعظم نے ملک پر اپنی جان نچھاور کردی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہوجائیں۔