قومی سطح پر بی جے پی کے متبادل کیلئے ہم خیال جماعتوں کی مساعی

   

Ferty9 Clinic

سی پی آئی ممتا بنرجی کے ساتھ کام کرنے تیار،قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) قومی سطح پر بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں سے مقابلہ کیلئے اپوزیشن اتحاد کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مساعی کررہی ہے۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ ملک کی کئی اہم قومی اور علاقائی جماعتیں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کو 2024 عام انتخابات میں شکست دینے کیلئے متبادل محاذ کی تیاری شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی نے ہمیشہ ہی مودی حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کی ہے اور مرکز کی جانب سے ریاستی حکومتوں کو کمزور کرنے کی کوشش افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی، برقی اور قانون سازی جیسے اُمور میں ریاستوں کے اختیارات کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے امید ظاہرکی کہ بہت جلد قومی سطح پر اپوزیشن کا اتحاد عملی شکل اختیار کرلے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی قائدین جیسے ممتا بنرجی نے مرکز میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے دیگر ہم خیال جماعتوں سے اتحاد کی مساعی تیز کردی ہے۔ نارائنا نے کہا کہ اگرچہ بائیں بازو کی جماعتیں بنگال میں ترنمول کانگریس سے سیاسی طور پر فاصلہ پر ہیں لیکن سی پی آئی مشترکہ کاز کیلئے ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ کام کرنے تیار ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے اتر پردیش کے مجوزہ انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی پیش قیاسی کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ امیدوار کو میدان میں اُتارنے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عوامی مسائل کیلئے سی پی آئی جہدوجہد کررہی ہے۔ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کو خانگیانے کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذریعہ 2 اور 3 اگسٹ کو ایجی ٹیشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس حکومت اسٹیل پلانٹ کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ پلانٹ کی مالیت اگرچہ 2 لاکھ کروڑ سے زائد ہے لیکن مرکزی حکومت اسے 5000 کروڑ میں خانگی شعبہ کو فروخت کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت 70 روپئے فی بیارل ہے لیکن ہندوستان میں پٹرول فی لیٹر 110 روپئے میں فروخت ہورہا ہے۔ حالانکہ خام تیل کی قیمت کے اعتبار سے ملک میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 40 روپئے ہونی چاہیئے۔ قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ مرکزی حکومت نے 40 لاکھ کروڑ کی لوٹ مچائی ہے۔ نارائنا نے کہا کہ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور ان کے باغی رکن پارلیمنٹ رگھو رام کرشنا راجو دونوں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی گرفت میں ہیں۔ جگن نے رکن پارلیمنٹ کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی ہے جبکہ رکن پارلیمنٹ نے جگن کی ضمانت کی درخواست منسوخ کرنے کیلئے عدالت میں اپیل کی ہے۔