قومی سطح پر طبقاتی مردم شماری راہول گاندھی کی کامیابی: مہیش کمار گوڑ

   

گاندھی بھون میں جشن، سماجی انصاف کیلئے تلنگانہ نے ملک کو راہ دکھائی
حیدرآباد۔/30 اپریل ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے مرکزی حکومت کی جانب سے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کے فیصلہ کو کانگریس پارٹی اور راہول گاندھی کی کامیابی قرار دیا۔ مرکزی کابینہ میں آئندہ مردم شماری کے ساتھ ذات پات پر مبنی مردم شماری کے فیصلہ کے بعد گاندھی بھون میں جشن منایا گیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے قائدین و کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے فیصلہ کو کانگریس پارٹی کی کامیابی سے تعبیر کیا جس نے سب سے پہلے طبقاتی مردم شماری کا نظریہ پیش کیا تھا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ قومی سطح پر طبقاتی مردم شماری کا فیصلہ تلنگانہ حکومت کی کامیابی ہے جس نے سارے ملک کو نئی راہ دکھائی ہے۔ تلنگانہ نے ملک میں پہلی مرتبہ نہ صرف طبقاتی سروے کا اہتمام کیا بلکہ او بی سی کیلئے 42 فیصد تحفظات کا تعین کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے مرکزی حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ملک میں سماجی انصاف کیلئے راہول گاندھی نے جو نظریہ پیش کیا تھا اس کی تکمیل یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ راہول گاندھی کے نظریہ کو تلنگانہ حکومت نے حقیقت میں تبدیل کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ 42 فیصد بی سی تحفظات کو دستور کے نویں شیڈول میں شامل کرتے ہوئے منظوری دیں۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے مرکز کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ راہول گاندھی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ مرکزی حکومت کو طبقاتی مردم شماری کیلئے مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز صرف مردم شماری تک محدود نہ رہے بلکہ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کو آبادی کے اعتبار سے تحفظات فراہم کرے۔ کانگریس کی تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ ملک میں 90 فیصد آبادی کمزور طبقات کی ہے اور سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے طبقاتی سروے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ 42 فیصد بی سی تحفظات کو منظوری دے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مرکز کے فیصلہ کو راہول گاندھی کی جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا۔ رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی نے راہول گاندھی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سماجی انصاف کیلئے اُن کی جدوجہد رنگ لائی ہے۔1