قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کیلئے ممتا بنرجی متحرک

   

کے سی آر و ایم کے اسٹالن سے بات چیت ، وفاقی ڈھانچہ کے تحفظ کی ضرورت، کانگریس اور سی پی ایم کو دعوت
حیدرآباد۔14 ۔ فروری (سیاست نیوز) قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف محاذ کی تیاری کیلئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سرگرم ہوچکی ہیں۔ انہوں نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن سے فون پر بات چیت کی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک کے وفاقی ڈھانچہ کے تحفظ کیلئے انہوں نے دونوں چیف منسٹرس سے بات چیت کی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے قومی سطح پر کانگریس اور بی جے پی کے متبادل کے طور پر فیڈرل فرنٹ کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ وہ اس سلسلہ میں ممتا بنرجی ، ایم کے اسٹالن اور دیگر قائدین سے بات چیت کرچکے ہیں۔ گزشتہ دنوں کے سی آر نے مرکز کے خلاف محاذ آرائی کرتے ہوئے قومی سطح پر متبادل محاذ کی تشکیل کی سرگرمیوں کے آغام کا اعلان کیا تھا۔ ممتا بنرجی کے تازہ انکشاف کے بعد قومی سطح پر علاقائی جماعتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ ممتا بنرجی نے گزشتہ ہفتہ اترپردیش کا دورہ کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا۔ مخالف بی جے پی محاذ کے لئے سماج وادی پارٹی اور بائیں بازو کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ممتا بنرجی نے اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کئے لیکن انہوں نے سماج وادی پارٹی کی تائید میں مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ وسیع تر قومی مفاد میں ترنمول کانگریس نے مقابلہ سے گریز کیا۔ ممتا بنرجی نے امید ظاہر کی کہ پہلے مرحلہ کی 57 نشستوں میں سماج وادی پارٹی کو 37 پر کامیابی حاصل ہوگی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ سیکولرازم کا دعویٰ کرنے والے تمام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر آئیں۔ میں نے کانگریس اور سی پی آئی ایم سے محاذ میں شمولیت کی خواہش کی ہے۔ اگر وہ تیار نہ ہوں تو ہم کچھ نہیں کرسکتے۔ کانگریس اپنے راستہ پر اور ہم اپنے راستہ پر آگے بڑھیں گے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک کو نفرت اور مظالم کی لہر سے آزاد کرانے کی ضرورت ہے۔ ممتا بنرجی کو اندیشہ ہے کہ ہندوستان میں صدارتی طرز حکومت کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گوا کے انتخابات میں ترنمول کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی ۔ گوا کا ہر گھر ترنمول کانگریس سے واقف ہوچکا ہے۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی حالیہ پریس کانفرنسوں میں مخالف بی جے پی محاذ کے لئے چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کا اعلان کیا۔ ر