قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے والا ٹمریز کا طالب علم فوت

   

پٹنہ سے آبائی مقام ضلع نارائن پیٹ واپسی کے بعد طاہر پاشاہ شدید بیمار ہوگیا تھا

نارائن پیٹ ۔ 19 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول نارائن پیٹ کا ہونہار طالب علم طاہر پاشاہ جو 9 ویں جماعت کا طالب علم ہے اور پڑھائی کے علاوہ کھیلوں میں بھی مہارت رکھتا تھا۔ قومی سطح کے کھیلوں میں مقابلہ لینے کے بعد پٹنہ بہار سے واپس ہوا تھا کل فوت ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب ماسٹر طاہر پاشاہ ولد چاند پاشاہ، عمر 15 سال، جو نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل منڈل کے موضع لنگم پلی سے تعلق رکھتا ہے۔ اس ماہ کی 10 سے 13 تاریخ کو پٹنہ میں مقابلوں میں حصہ لینے کے بعد 15 تاریخ کو واپس ہوا تھا۔ ڈسٹرکٹ جونیر ایتھلیٹک مقابلوں میں منتخب ہونے کے بعد اس کو قومی سطح کے مقابلوں کے لئے منتخب کرکے پٹنہ روانہ کیا گیا تھا۔ 15 فروری کو اپسی کے بعد وہ سیدھے اپنے آبائی وطن واپس ہوگیا اور شدید بیمار ہوگیا۔ اس کو محبوب نگر کے خانگی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں بتایا گیا کہ خون میں پلٹلیٹس کی کمی ہے اور انہیں بلڈ کینسر ہوگیا ہے۔ لڑکا علاج کے دوران کل شام فوت ہوگیا۔ رضاکار تنظیم اس کے علاج کے لئے آگے آئے تھے تاہم کوئی فائدہ نہ ہوا۔ آج بعد نماز عصر موضع لنگم پلی میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور آبائی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ نماز جنازہ میں اسکول پرنسپل جناب خواجہ محبوب خان، آر ایل سی جناب خواجہ بہاؤ الدین اور ویجنلس آفیسر ٹمریز محبوب نگر جناب ضمیر احمد خان نے شرکت کی۔ چاند پاشاہ کو دو لڑکے ایک لڑکی ہیں طاہر پاشاہ دوسرا لڑکا تھا۔