قومی سلامتی کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں : چیف منسٹر

,

   

وزیر اعظم کے ساتھ شہدا کو خراج عقیدت کیلئے دو منٹ کی خاموشی، چین کے ساتھ تنازعہ میں تلنگانہ عوام مرکز کے ساتھ

حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے واضح کردیا کہ ریاستی حکومت اور تلنگانہ عوام چین کے ساتھ موجودہ بحران کے موقع پر مرکزی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ سارے ملک کو ایک ہوکر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے ہندوستان اور چینی افواج کے درمیان سرحد پر جھڑپ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم سے ویڈیو کانفرنس کے دوران چیف منسٹر نے کہا کہ چاہے چین ہو یا کوئی اور ملک اگر وہ ہندوستان کی سالمیت میں کوئی مداخلت کرے تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سکیوریٹی کے مسائل پر کسی کو سیاست کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ وقت ہر شخص کو متحد ہوکر ایک آواز میں بات کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی ویڈیو کانفرنس کے آغاز پر نریندر مودی اور دیگر چیف منسٹرس نے شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دو منٹ کی خاموشی منائی۔ چیف منسٹر نے سرحد پر دونوں ممالک کے افواج کے تصادم میں سوریا پیٹ سے تعلق رکھنے والے کرنل سنتوش بابو کی ہلاکت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے سپوت نے ملک کے لیے اپنی جان کا جو نظرانہ پیش کیا ہے اس قربانی کی کوئی قیمت نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے شہید سنتوش بابو کے والدین، اہلیہ اور دیگر ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سنتوش یادو کے خاندان کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔ ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ سنتوش بابو کی آخری رسومات میں حکومت کے نمائندے کی حیثیت سے شریک ہوں۔