رائل کورٹ کے مشیر رفات بن عبداللہ الصباغ سے ملاقات، اوصاف سعید نے استقبال کیا
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) ہندوستان کے قومی سلامتی مشیر اجیت دوال سعودی عرب کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے ہز ایکسلینسی ولیعہد پرنس محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطح پر تعلقات میں بہتری کے امکانات کا جائزہ لیا ۔ دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے موضوعات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کی ۔ ہندوستان کے سفیر برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید کے مطابق پرنس محمد بن سلمان اور اجیت دوال نے دونوں ممالک کے مضبوط دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاقائی اور بین الاقوامی امور میں دونوں ممالک نے اپنے تعلقات مزید بہتر بنانے پر غور کیا ۔ اجیت دوال نے ڈاکٹر معصید بن محمد العیبان منسٹر آف اسٹیٹ سعودی عرب و قومی سلامتی مشیر کے علاوہ خالد بن علی الحمیدان ڈائرکٹر جنرل آف جنرل انٹلیجنس ڈائرکٹوریٹ اور دیگر سعودی اعلیٰ عہدیداروں سے علحدہ ملاقاتوں کی سعودی عرب اور ہندوستان نے اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کی صدارت ہندوستان نے وزیراعظم نریندر مودی کریں گے جبکہ سعودی عرب میں ولیعہد پرنس محمد بن سلمان صدرنشین ہوں گے ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے رشتے تاریخی نوعیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے بہتر تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی سلامتی مشیر کے دورہ سے بین الاقوامی امور پر دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب ہوں گے ۔ اجیت دوال نے سعودی رائل کورٹ کے مشیر رفات بن عبداللہ الصباغ سے ملاقات کی۔